مولانا آزاد نیشنل ادو یونیورسٹی کے بارے میں
مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، ایک مرکزی جامعہ ہے جسے 1998ءمیں پارلیمنٹ میں قانون سازی کے ذریعہ قومی سطح پر قائم کیا گیا تاکہ روایتی اور فاصلاتی طریقہ سے اردو میڈیم میں فنی اور تکنیکی تعلیم فراہم کی جائے اور اردو زبان کا فروغ اور اس کی ترویج ہوسکے۔یونیورسٹی کا ہیڈ کوارٹر حیدرآباد کے تیزی سے ترقی پذیر علاقے گچی باﺅلی میں 200 سے زائد ایکڑ اراضی پر محیط ہے ۔ یونیورسٹی کے طلبا اور عملے کا تعلق ہندوستان کے مختلف علاقوں سے ہے۔ علم کے تمام شعبوں میں معیاری اردو تعلیم کی فراہمی میں یونیورسٹی کا مرتبہ طلبا اور عملے کے لئے کشش کا باعث ہے ۔
یونیورسٹی کے مقاصد درج ذیل ہیں :
- اُردو زبان کا فروغ اور اس کی ترقی
- اُردو ذریعہ تعلیم سے تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم وتربیت کی فراہمی
- روایتی تدریس اور فاصلاتی نظام تعلیم کے توسط سے اُردو میڈیم میں فنی اور تکنیکی تعلیم کی فراہمی تاکہ خواہشمند لوگوں کو وسیع تر مواقع
حاصل ہوں۔ - تعلیم نسواں پر توجہ
موجودہ یونیورسٹی میں کیمپس طرز تعلیم سات اسکولوں پر مشتمل ہے جن کے نام یہ ہیں :
- اسکول برائے السنہ ‘ لسانیات اور ہندوستانیات
- اسکول برائے ترسیل عامہ اور ابلاغیات
- اسکول برائے بزنس مینجمنٹ
- اسکول برائے آرٹس اور سماجیات
- اسکول برائے سائنسس
- اسکول برائے تعلیم اور تربیت اور
- اسکول برائے کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی
ان سات اسکولوں میں چوبیس شعبہ جات کارکرد ہیں جن میں ماسٹر پروگرامس کے علاوہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح تک ریسرچ شامل ہیں۔ ان اسکولوں سے ایم فل کی کافی تعداد فارغ ا لتحصیل ہوچکی ہے۔ یہ تمام اسکول تحقیق اور اطلاق کے ذریعہ علم اور معلومات کے نئے میدانوں پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔
یونیورسٹی نے حیدرآ باد ‘ بنگلور اور دربھنگہ میں تین پالیٹیکنک کالج قائم کیے ہیں۔ ان آئی ٹی آئی اور پالیٹکنک کالجوں میں جو کورس مہیا کروائے گئے ہیں ان کا ذریعہ تعلیم اردو ہے۔ اس طرح یونیورسٹی اردو زبان کے ذریعے تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کے اپنے مقصد کی تکمیل کررہی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی نے سری نگر‘ دربھنگہ اور بھوپال میں تین ٹیچر ٹریننگ کالج قائم کیے ہیں۔ جہاں اساتذہ کی تربیت کے مختلف پروگراموں کی مدد سے زیر تربیت اساتذہ کی شخصی اور ذہنی نشوونما کی جاتی ہے۔
نئی نسلوں میں اردو سے جذباتی وابستگی پیدا کرنے اور اردو کے پروں کو پھیلانے کے مقصد سے یونیورسٹی نے ماڈل اسکولس بھی قائم کیے ہیں جو معیاری تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ یونیورسٹی نے یو جی سی کی منظوری سے اپنے کیمپس میں جنوری 2007میں یو جی سی اکیڈیمک اسٹاف کالج بھی قائم کیا ہے۔ یہ کالج اورینٹیشن اور ریفریشر اور پیشہ ورانہ فروغ کے پروگراموں کے علاوہ مختلف دوسری علمی سرگرمیوں میں مشغول ہے۔ یونیورسٹی کے کیمپس میں تمام سہولتوں سے آراستہ ایک انسٹرکشنل میڈیا سنٹر (آئی ایم سی)ہے ۔ آئی ایم سی نصاب پر مشتمل سمعی و بصری پروگراموں کی تیاری میں مشغول ہے تاکہ مانو کے روایتی طرز تعلیم اور فاصلاتی طرز تعلیم کے مختلف پروگراموں کے طلبا کی ضروریات کی تکمیل ہوسکے۔اس مقصد کے تحت یونیورسٹی نے دوردرشن اور پرسار بھارتی کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت کی ہے جس کے تحت مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے پروگراموں کو روزانہ ڈی ڈی اردو چینل پر نشرہوں۔یکم جنوری 2010 سے روزانہ اردو چینل پر یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرام نشر کیے جارہے ہیں۔تعلیمی سال 2009-2010 سے یونیورسٹی نے حیدرآباد سے باہر پہلا بیرونی کیمپس شہر لکھنؤ میں قائم کیا ہے۔ لکھنو ٔ کیمپس میں ایم اے اردو ' فارسی اور انگریزی کے پروگرام پیش کیے جارہے ہیں۔