”اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت“ کے موضوع پر مہاراشٹرا کے اساتذہ کے لیے ورکشاپس

Hyderabad,


”اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت“ کے موضوع پر مہاراشٹرا کے اساتذہ کے لیے ورکشاپس
حیدرآباد، 3 نومبر (پریس نوٹ) مرکز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اُردو ذریعہ تعلیم، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، کی جانب سے ایک روزہ ورکشاپس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ ”اساتذہ کے لیے مصنوعی ذہانت (AI)“ کے موضوع پر منعقدہ یہ ورکشاپس 4 نومبر کو ڈاکٹر ذاکر حسین جونیئر کالج، پربھنی میں اور 6 نومبر کو اردو گھر، ناندیڑ میں منعقد ہوں گے۔ ان ورکشاپس کا مقصد اردو میڈیم اساتذہ کو جدید تدریسی تقاضوں سے واقف کروانا اور تدریس میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے بارے میں عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز نے باضابطہ احکامات جاری کیے ہیں جن کے تحت اردو میڈیم اسکولوں کے اساتذہ کو شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔
ان ورکشاپس میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے پروفیسر محمد عبد السمیع صدیقی، ڈائرکٹر CPDUMT، اور پروفیسر سید امان عبید، مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم بطور ماہرِ وسائل (Resource Persons) شرکت کریں گے۔ دونوں ماہرین مصنوعی ذہانت کے تعلیمی استعمالات، تدریسی مواد کی تیاری میں AI کے کردار، اور طلبہ کی کارکردگی کے تجزیے میں ٹیکنالوجی کے عملی فائدوں پر مفصل گفتگو کریں گے۔ ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو مختلف AI ٹولز اور آن لائن پلیٹ فارمز کے عملی استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی۔
 ورکشاپ میں شرکت سے اساتذہ نہ صرف اپنی تدریسی مہارتوں میں اضافہ کر سکیں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تعلیمی مواد کو مزید دلچسپ اور مؤثر بنانے کے طریقے بھی سیکھیں گے۔ اس طرح یہ پروگرام اردو میڈیم تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے کی ایک مثبت کوشش ثابت ہوگا۔
یہ دونوں ورکشاپ پروفیسر سید عین الحسن شیخ الجامعہ، مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کی سرپرستی میں جاری تربیتی پروگراموں کا حصہ ہیں جن کے ذریعے اردو میڈیم اساتذہ کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور تدریسی جدت کے میدان میں عملی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

مانو کے ساتھ دوبارہ پروگرام کا انعقاد

حیدرآباد، 3 نومبر (پریس نوٹ) شعبۂ انگریزی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام آج ایک سماجی خدمت کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ تنظیم دوبارہ کے اشتراک منعقدہ پروگرام کا عنوان "مانو کے ساتھ دوبارہ" تھا، جس میں تنظیم دوبارہ (DOBARA Organization) نے 60 سے زائد بزرگ شہریوں کے ساتھ شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سماجی شراکت کے دائرے کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار تھا۔
آج کی یہ تقریب یونیورسٹی کے بایو ڈائیورسٹی پارک میں منعقد ہوئی، جس میںسماجی تنظیم کے دوبارہ کے سربراہ اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن، رجسٹرار پروفیسر شیخ اشتیاق احمد اور دوبارہ تنظیم کی بانی متین انصاری نے حاضرین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے دورے پر آئے بزرگ شہریوں کے لیے طلبہ نے خوبصورت نغمے پیش کیے ۔
بزرگ مہمانوں نے بائیو ڈائیورسٹی پارک میں قدرتی ماحول کی دیکھ بھال، نشوونما اور سماجی ہم آہنگی کی علامت کے طور پر گلاب کے پودے عطیہ کیے اور شجر کاری کی۔ بزرگ مہمانوں کے لیے یونیورسٹی ہیلتھ سینٹر کی جانب سے ایک طبی کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ دو پہر بعد کے پروگرام کلچرل ایکٹوٹی سنٹر میں جاری رہے۔ جہاں کلچرل کلب کے طلبہ نے ان بزرگ شہریوں کی تفریح کے لیے پُرجوش ثقافتی پروگرام پیش کیے۔