مانو کے وائس چانسلر و رجسٹرارکا اعلیٰ تکنیکی ٹیم کے ساتھ دربھنگہ کیمپس کا دورہ

Hyderabad,


مانو کے وائس چانسلر و رجسٹرارکا اعلیٰ تکنیکی ٹیم کے ساتھ دربھنگہ کیمپس کا دورہ

حیدرآباد، 13 مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی دربھنگہ کیمپس میں بی ٹیک کے آغاز کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے دربھنگہ کیمپس میں اپنے دورے کے موقع پر کیا۔ وہ رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد کے علاوہ ایک اعلیٰ سطحی تکنیکی ٹیم کے ہمراہ دو روزہ دورے کر رہے ہیں۔اس کے دورے کے موقع پر دربھنگہ کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ایک کثیر المقاصد آڈیٹوریم کی تعمیرکے حوالے سے بھی وائس چانسلر نے آمادگی کا اظہار کیا۔

 وائس چانسلر نے گذشتہ ایک سال کے دوران کیمپس میں کئی ترقیاتی اہداف کے حصول پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ پروفیسر سید عین الحسن نے اساتذہ کی تصنیف کردہ دو کتابوں کی رونمائی پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے اساتذہ کو مزید علمی و تحقیقی کام میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔انہوں نے طلبہ کو بھی مثبت انداز میں مسلسل سیکھنے کی ترغیب دی۔

رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے دربھنگہ کیمپس بے پناہ صلاحیتوں سے بھرپور ایک متحرک کیمپس قرار دیا۔انہوں نے کیمپس میں جاری کورسز جیسے بی اے، ایل ایل ایم، بی ایڈ، ایم ایڈ اور پی ایچ ڈی کا ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس سال این سی ٹی ای کی منظوری کے ساتھ آئی ٹی ای پی پروگرام شروع ہورہا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے انتظامیہ مسلسل کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دربھنگہ ہمیشہ داخلہ امتحانات میں اعلیٰ رینک حاصل کرنے والے طلبہ کی پہلی پسند رہا ہے۔انہوں نے اس خطے کو مانو کے لیے طلبہ کا ایک بڑا ذریعہ قرار دیا۔انہوں نے دربھنگہ کیمپس میں دو ہاسٹل فراہم کرنے پر محکمہ اقلیتی فلاح، حکومت بہار کا شکریہ ادا کیا۔

 ابتداء میں پروفیسر فیض احمد، پرنسپل سی ٹی ای دربھنگہ  نے استقبالیہ خطاب پیش کیا۔انہوں نے وائس چانسلر کا ضروری سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ان سہولیات میں بس سروس، وائی فائی اور انکیوبیشن سنٹر اور  کمپیوٹر لیب شامل ہیں۔انہوں نے کیمپس میں بی اے اور ایل ایل ایم کورسز شروع کرنے پر بھی دلی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ این سی ٹی ای نے 2026-27 کے تعلیمی سیشن سے دربھنگہ کیمپس میں اساتذہ کی تعلیم کے لیے آئی ٹی ای پی کورسز کی منظوری دے دی ہے۔

پروگرام کے دوران دو کتابوں کی باضابطہ رونمائی بھی کی گئی۔دربھنگہ کے کالج آف ٹیچر ایجوکیشن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آفتاب عالم نےتعلیم کے عصری مسائل اور تقاضےکے عنوان سے ایک کتاب تصنیف کی ہے۔ جبکہ  ڈاکٹر راغب بابر نے  ریاضی کی تدریسیات کے عنوان سے ایک کتاب تصنیف کی ہے۔اس کے بعد مانو ماڈل اسکول کے طلبہ نے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسکول آف ٹیکنالوجی کے ڈین پروفیسر عبد الواحد ، پروفیسر محمد شاہد، ڈین اکیڈمکس ، انجینئرنگ سیکشن کے انچارج ڈاکٹر اقبال خان اور عبدالحفیظ شامل تھے۔پروگرام کا آغاز طلبہ کی جانب سے تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔

شام کے وقت کیمپس میں مشاعرہ منعقد ہوا۔دربھنگہ کے کئی شعراء نے اس مشاعرے میں شرکت کی۔وائس چانسلر نے بھی اس نشست میں اپنا کلام پیش کیا۔سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمان جناب محمد علی اشرف فاطمی اور سابق رکن بہار اسمبلی جناب فراز فاطمی نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔جناب محمد علی اشرف فاطمی نے دربھنگہ کیمپس کے لیے وائس چانسلر کی مثبت کوششوں اور ترقیاتی کاموں کی بھرپور ستائش کی۔دوسرے دن وائس چانسلر نے پرنسپل اور شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کی۔انہوں نے دربھنگہ کیمپس میں کام کر رہے یونیورسٹی کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے سے بھی گفتگو کی۔انہوں نے پرووسٹ، ہاسٹل وارڈن، پروکٹوریل ٹیم اور اسسٹنٹ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر سے بھی ملاقات کی۔