اردو یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر کی یونیورسٹی آف لوزیانا میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ
Hyderabad,
اردو یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر کی یونیورسٹی آف لوزیانا میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ
حیدرآباد،23 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے شعبۂ کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ای) کے صدر اور اسکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ایس ای ٹی) کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر انجیّا اڈیپو نے امریکہ کی یونیورسٹی آف لوزیانا، لافائیٹ میں پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوشپ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی ہے۔ یونیورسٹی آف لوزیانا کا قیام 1898 میں قائم یہ یونیورسٹی آف لوزیانا سسٹم کا سب سے بڑا اور واحد ادارہ ہے جسے کارنیگی کی جانب سے ریسرچ 1 (R1) یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہے۔
ڈاکٹر اڈیپو کی تحقیق کا عنوان ”انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) سے مربوط وہیکولر ایڈہاک نیٹ ورکس میں سائبر سیکیورٹی کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی فریم ورک“ تھا۔ یہ تحقیق یونیورسٹی آف لوزیانا، لافائیٹ کے اسکول آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیٹکس کے ڈائرکٹر پروفیسر مارٹن مارگالا کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔
اس تحقیق میں مصنوعی ذہانت (AI) اور سائبر سیکیورٹی کی تکنیکوں کے استعمال پر توجہ مرکوز کی گئی، تاکہ انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) سے مربوط وہیکولر ایڈہاک نیٹ ورکس کی سلامتی اور قابلِ اعتماد کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
اس موقع پر اسکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر محمد یوسف خان نے انہیں مبارکباد دی اور ان کی تحقیق کو مصنوعی ذہانت و مشین لرننگ (AI & ML)، سائبر سیکیورٹی، وائرلیس سینسر نیٹ ورکس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے شعبوں میں منفرد اورنمایاں قرار دیا۔
ان کے مطابق یہ فیلوشپ ڈاکٹر اڈیپو کے تحقیقی سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور مصنوعی ذہانت پر مبنی سائبر سیکیورٹی کے حل کو فروغ دینے میں بین الاقوامی تعلیمی اشتراک و تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔