اردو یونیورسٹی میں خاتون دستکاروں کے لیے دھنک بازار کا انعقاد
Hyderabad,
اردو یونیورسٹی میں خاتون دستکاروں کے لیے دھنک بازار کا انعقاد
حیدرآباد، 22 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مانو انجمنِ خواتین اور صفاءکے اشتراک سے دھنک بازار کا اہتمام کیا گیا۔پروفیسر سید عین الحسن،وائس چانسلر اردو یونیورسٹی نے اس بازار کا افتتاح انجام دیا۔انہوں نے خاتون صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی اور مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی ستائش کی۔ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد خواتین میں تجارت کے فروغ کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔
مسز عرشےہ حسن، صدر، مانو انجمن خواتین اور محترمہ روبینہ نفیس فاطمہ ، ڈائرکٹر و بانی صدر صفا کی نگرانی میں نے اس دھنک بازار کا اہتمام کیا گیا۔ قبل ازیں دھنک بازار کے افتتاحی پروگرام میں پروفیسر وقار النسائ،جنرل سیکریٹری مانو انجمن خواتین نے حاضرین کا استقبال کیا۔ جبکہ پروفیسر فریدہ صدیقی، نائب صدر نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر محسنہ انجم انصاری نے دھنک بازار کی افتتاحی تقریب کی کارروائی چلائی۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے مانو انجمن خواتین (MAK) کے ویب پیج کا افتتاح بھی کیا۔ جسے محترمہ ندا یاسمین، سکریٹری (تشہیر)، MAK نے تیار کیا تھا۔
دھنک بازار میں خواتین کے تیار کردہ دستکاری، روایتی مصنوعات،کھانے کی اشیاءاور ثقافتی اشیاءشامل تھیں جن کے مختلف اسٹالس لگائے گئے تھے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس نمائش کا مشاہدہ کیا اور شائقین کی بڑی تعداد نے ان متنوع اشیاءکی خریداری کرتے ہوئے ان خاتون تاجروں اور دستکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔