Submitted by MSQURESHI on Fri, 07/07/2023 - 10:25
اعلیٰ سطحی فرانسیسی وفد کا اردو یونیورسٹی کا دورہ PressRelease
اعلیٰ سطحی فرانسیسی وفد کا اردو یونیورسٹی کا دورہ
 
 

 

 

حیدرآباد، 6 جولائی (پریس نوٹ) ایک اعلیٰ سطحی فرانسیسی وفد نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس دورہ کا مقصد یونیورسٹی کیمپس میں شہری آبی انتظامیہ کے تحت یونیورسٹی کے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔ یونیورسٹی کو حال ہی میں آبی انتظامیہ اور آبی وسائل کے تحفظ پر قومی ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ یہ وفد حکومت تلنگانہ کے ساتھ اربن واٹر مینجمنٹ پراجیکٹ پر بات چیت کے لیے حیدرآبادی آیا ہوا ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے فرانس کی غیر سرکاری تنظیم لیس اٹیلیئرس ڈی کرجی، فرانس کے ماہرین جناب سائمن بروچرڈ، پراجیکٹ کو آرڈینیٹر، محترمہ فلورنس بوگنس اور جناب جین گریبرٹ کا استقبال کیا۔ یہ غیر سرکاری تنظیم منصوبہ بندی، ترقی اور شہری ڈیزائن کے شعبہ میں جامعات، فیصلہ سازوں اور پیشہ ور ماہرین کے درمیان رابطہ کاکام کرتی ہے۔ فرانسیسی سفارتخانہ، نئی دہلی سے 3 ماہرین محترمہ مریون ویلٹ، ریجنل ایڈوائزر، ماحولیات ، پائیدار شہر و حمل و نقل، محترمہ سونا گریو اور محترمہ فیلی وسکو اور دیگر مہمان ڈاکٹر پنڈت مدھرنے، ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ گراﺅنڈ واٹر ڈیپارٹمنٹ (ٹی ایس جی ڈبلیو ڈی)، حیدرآباد اورجناب سرینواس بیری، سینئر انجینئر، سنٹرل واٹر کمیشن وفد کے ہمراہ تھے۔
پروفیسر عین الحسن نے مانو کی جانب سے پانی کے تحفظ و انتظام کے لیے کیے گئے اقدامات کا مختصر تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو یونیورسٹی مجوزہ پراجیکٹ میں حصہ لے سکتی ہے۔ پروفیسر شکیل احمد، صدر نشین جل شکتی کمیٹی، مانو نے یونیورسٹی میں چلائی گئی خصوصی ڈرائیو پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دیا۔ پروفیسر محمد فریاد، کنوینر نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی، پروفیسر سلمان احمد خان بھی موجود تھے۔ جناب سرینواس نے تلنگانہ میں زیر زمین پانی پر اطلس وائس چانسلر کو پیش کیا ۔ فرانسیسی وفد نے کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔
-------------------------------------------------------
 
اردو یونیورسٹی اور الائنس فرانسس کے درمیان یادداشت مفاہمت
 
حیدرآباد، 6 جولائی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اسکول برائے السنہ، لسانیات و ہندوستانیات اور الائنس فرانسس، حیدرآباد کے درمیان کل فرانسیسی زبان کے کورسس کی تدریس میں تعاون کے لیے ایک یادداشت مفاہمت کی گئی۔ پروفیسر عزیز بانو، ڈین، ایس ایل ایل آئی، مانو اور الائنس فرانسس کی کورس ڈائرکٹر ڈاکٹر ماﺅد نے پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر؛ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار ، پروفیسر شکیل احمد، اسکول برائے سائنسی علوم کی موجودگی میں دستخط کیے۔ حیدرآباد میں قائم الائنس فرانسس ادارہ فرانسیسی زبان کی تدریس کے لیے شہرت رکھتا ہے۔ اس کی ملک بھر میں 13 شاخیں ہیں۔
یادداشت مفاہمت کے تحت الائنس فرانسس کی جانب سے اساتذہ، اردو یونیورسٹی میں جاری سرٹیفکیٹ کورس اہلیت فرانسیسی اور فرانسیسی زبان میں ڈپلوما کورس کی تدریس انجام دیں گے۔ یہ یادداشت مفاہمت ایک سال کے لیے کی گئی ہے۔
------------------------------------------------------------------------
 
مانو میں بی ایڈ فاصلاتی میں داخلے
حیدرآباد، 6 جولائی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی،نظامت فاصلاتی تعلیم 2 سالہ بیچلر آف ایجوکیشن (B.Ed.) میں آن لائن داخلے جاری ہیں۔ ایسے برسرکار اساتذہ جنہوں نے ڈی ایڈ کامیاب کیا ہے اس کے اہل ہیں۔
اس کورس میںعلم ، مہارتوں اور تدریسی رویہ کے فروغ پر توجہ دی جاتی ہے۔ اہلیت و دیگر تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.edu.in دستیاب ہیں۔ پروگرام کے لیے درخواست دہندگان کو آن لائن فارم پُر کرنا، مطلوبہ دستاویزات منسلک کرنا، اور رجسٹریشن فیس ادا کرنا ہوگا۔ آن لائن درخواست کی آخری تاریخ 25 جولائی 2023 ہے۔
MANUU Pr 06-07-2023.pdf