تاریخی عمارتوں کا تحفظ کیا جائے: پروفیسر سلیمان صدیقی
اردو یونیورسٹی میں صادق نقوی یادگاری لیکچر ۔ پروفیسر عین الحسن کی بھی مخاطبت
حیدرآباد، 21جولائی (پریس نوٹ) "ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے، معاشرے کو ثقافت کی اہمیت کو تسلیم کرنی چاہیے اور ورثے اور ثقافت کے محافظ کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ ہمیں اس میدان میں تکنیکی ترقی کو تسلیم کرتے ہوئے عہدِ وسطیٰ کے انجینئرنگ کے کمالات جو اس دور کی تاریخی عمارتوں کی شکل میں ہمارے پاس موجود ہیں کو محفوظ رکھنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد سلیمان صدیقی، سابق وائس چانسلر ، عثمانیہ یونیورسٹی و اولین رجسٹرار ، مانو نے پروفیسر صادق نقوی یادگاری خطبہ بعنوان ”دکن میں سماجی - ثقافتی اور صوفیانہ زندگی کا ایک تاریخی خاکہ“ دیتے ہوئے کیا۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، سید حامد سنٹرل لائبریری کے زیر اہتمام چہارشنبہ کو یادگاری خطبہ کا انعقاد عمل میں آیا تھا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے صدارت کی۔
پروفیسر سلیمان صدیقی نے بہمنی دور سے لے کر آصف جاہ ششم و ہفتم تک دکن کی تکثیری ثقافت کی شاندار روایت پر اظہار خیال کرتے ہوئے آبی ذخائر کی تعمیر میں ان کی سرپرستی اور مندروں کے لیے فراخدلانہ عطیات کے ساتھ ساتھ دکن کی ترقی میں ان کے مجموعی رول پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر سید عین الحسن نے ڈاکٹر صادق نقوی کو خراج پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تاریخ کے نامور استاد، اسکالر و شاعر جن کا تعلق عثمانیہ یونیورسٹی سے تھا، کے افراد خاندان نے مرحوم کی یاد میں مانو کے طلبہ کے لیے ایک گولڈ میڈل کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے جو شعبۂ تاریخ، شعبۂ اسلامک اسٹڈیز، شعبۂ اردو اور ہارون خان شیروانی مرکز برائے مطالعات دکن کے ٹاپرس میں باری باری دیا جائے گا۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، پروفیسر دیپک کمار، ممتاز مورخ و اعزازی پروفیسر، مانو؛ پروفیسر صادق نقوی کے شاگرد محترمہ سرسوتی اور ڈاکٹر ایس جئے کشن، سالار جنگ میوزیم بورڈ کے رکن و صدر نشین بھونس نیو سائنس کالج، حیدرآباد نے بھی اظہار خیال کیا۔ جناب علی نقوی (شکاگو، امریکہ)، فرزند پروفیسر صادق نقوی نے اردو یونیورسٹی میں ان کے والد کے نام گولڈ میڈل کے آغاز کے لیے یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا ۔
ڈاکٹر اختر پرویز، لائبریرین و پروگرام ڈائرکٹرنے بتایا کہ پروفیسر صادق نقوی کے افراد خاندان، پروفیسر دیپک کمار اور جناب میر فراست علی خسرو نے بھی بڑی تعداد میں کتابیں یونیورسٹی لائبریری کو عطیہ کی ہیں۔ ڈاکٹر فیصل مصطفی، اسسٹنٹ لائبریرین نے شکریہ ادا کیا۔
تاریخی عمارتوں کا تحفظ کیا جائے: پروفیسر سلیمان صدیقی
PressRelease