Submitted by MSQURESHI on Wed, 05/29/2024 - 11:11
PRO Office Image اردو یونیورسٹی میں پیرامیڈیکل پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلے جاری PressRelease

اردو یونیورسٹی میں پیرامیڈیکل پوسٹ گریجویٹ کورسز میں داخلے جاری
حیدرآباد، 28 مئی (پریس نوٹ) شہر حیدرآباد دواخانوں کے شہر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ لوگ ملک اور بیرون ملک سے شہر آکر اپنا علاج کرواتے ہیں۔ اس پس منظر میں جہاں ڈاکٹرس کی مانگ بڑھی ہے۔ ان سے کہیں زیادہ دواخانوں میں کام کرنے والے نیم طبی عملے (پیرا میڈیکل اسٹاف) کی مانگ میں بے انتہاءاضافہ ہوا ہے۔ روزگار کے ایسے ہی پرکشش مواقعوں کو مد نظر رکھ کر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے اردو جاننے والے طلبہ کے لیے دو بہترین پیرا میڈیکل کورسز شروع کیے ہیں۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اسکول برائے سائنسی علوم کے تحت بیچلر آف ووکیشن (میڈیکل لیباریٹری ٹیکنالوجی اور میڈیکل امیجنگ ٹیکنالوجی) کا 2019 سے آغاز ہوا تھا۔ اس کورس کی کامیابی کے بعد سال 2023-24 سے اسی مضمون میں میں پوسٹ گریجویشن کا کورس شروع کیا گیا۔ اردو یونیورسٹی تلنگانہ میں واحد سنٹرل یونیورسٹی ہے جس میں ماسٹر آف ووکیشنل کورسز (ایم ایل ٹی اور ایم آئی ٹی) چلائے جارہے ہیں۔ ایم ووک میں داخلوں کے لیے طلبہ کو متعلقہ مضمون میں بی ووک یا بی ایس سی ، 55% نشانات کے ساتھ کامیاب ہونا ضروری ہے۔تمام درخواست گزاروں کے لیے لازمی ہے کہ وہ کم از کم دسویں یا بارہویں یا گریجویشن میں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرچکے ہوں یابحیثیت زبان/مضمون اردو کامیاب ہوں یا یونیورسٹی کے منظورکردہ مماثل مدرسہ کورسز جن کا ذریعہ تعلیم اردو ہو ، کامیاب ہوں ۔
پروفیسر ایس مقبول احمد، ان کورسز کے لیے یونیورسٹی کے نوڈل آفیسر ہیں۔ ان کے بموجب یہ کورسز پوری طرح روزگار پر مبنی ہیں۔ اس کورس کی خاص بات یہ رہی کہ بی ووک کے تمام درخواست گزاروں کو فلاحی تنظیم سیڈ، امریکہ کی جانب سے اسکالر شپ بھی دی گئی تھی۔ فی الحال ایم ووک میں میرٹ کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں۔ ایم ووک (ایم آئی و ایم ایل ٹی) میں فی کس 20 نشستیں دستیاب ہیں۔ فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 جون 2024 مقرر ہے۔
اردو پس منظر کے طلبہ کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے۔اردو یونیورسٹی بہترین تعلیمی ماحول، لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ ہاسٹل تمام تر سہولیات کے ساتھ دستیاب ہے۔ شعبہ کے سابق طلبہ کو ملک و بیرون ملک مختلف کارپوریٹ دواخانوں روزگار سے جڑے ہوئے ہیں۔ چند طلبہ نے سرکاری دواخانوں میں بھی پیرامیڈکس کے طور پر روزگار حاصل کیا ہے۔ آن لائن فارم داخل کرنے کے لیے یونیورسٹی ویب سائٹ www.manuu.edu.in کو لاگ ان کریں۔ تفصیلات کے لیے پروفیسر مقبول احمد سے موبائل نمبر 9440366462 اور ڈاکٹر دانم سے 9990853997 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔