
مانو میں این سی سی کا سالانہ تربیتی کیمپ کا اختتام
حیدرآباد، 5 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ٹی آرٹیلری بیٹری ، این سی سی، حیدرآباد گروپ کے زیر اہتمام 10 روزہ سالانہ تربیتی کیمپIV، 2025 کا کل اختتام عمل میں آیا۔ کیمپ کے دوران، کیڈٹس نے چھوٹے ہتھیاروں کو چلانے کا طریقہ، چھوٹے ہتھیاروں سے فائر کرنے کا طریقہ، اور نقشہ پڑھنا سیکھا۔ روزانہ کی سرگرمیوں میں پی ٹی ٹریننگ، ڈرل، تھیوری کلاسز، گیمز اور پریڈ، رول کال، کلچرل پریکٹس اور لائٹس آؤٹ شامل تھے۔
تربیتی کیمپ کا افتتاح کرنل رویندر راؤ، کمانڈنگ آفیسر، ٹی آرٹیلیری بیٹری این سی سی کے افتتاحی خطاب کے ساتھ ہوا۔ 26 مئی کو منعقدہ افتتاحی اجلاس میں یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شجر کاری مہم کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ایک پودا بھی لگایا۔
پدم شری پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کیمپ کے ثقافتی پروگرام کے دوران اپنے خطاب میں "نیشن فرسٹ" پر زور دیا۔ اس موقع پر این سی سی کیڈٹس نے وائس چانسلر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پروفیسر اشتیاق احمد نے قومی یکجہتی پر روشنی ڈالی، اور پروفیسر ایم اے عظیم، پراکٹر نے اتحاد اور نظم و ضبط پر اظہار کیا۔ وائس چانسلر نے مختلف اداروں کے اے این اوز کو ان کی نمایاں کارکردگی پر یادگاری تحفے بھی پیش کیے۔ کرنل رویندر راؤ نے کامیاب تربیتی کیمپ کو یقینی بنانے کے لیے یونیورسٹی حکام کا شکریہ ادا کیا۔
کیمپ کے دوران یوگا ٹیچر بی لوکیشور راؤ کی رہنمائی میں یوگا سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ کیڈٹس نے گولکنڈہ رینج کے آرٹلری سنٹر میں اپنی فائرنگ کی مشق مکمل کی۔اومیگا ہاسپٹل، گچی باﺅلی، حیدرآباد کی ڈاکٹر مہاتی پریہ درشنی نے سی پی آر پر گیسٹ لیکچر دیا۔تلنگانہ ٹریفک پولیس کے مسٹر وینوگوپال راؤ اور مسٹر انیل نے ٹریفک اصول و ضوابط پر لیکچر دیے۔
3 جون کو مانو کے اوپن ایئر آڈیٹوریم میں کیمپ فائر کے دوران کھیلوں کے مقابلوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ لیفٹیننٹ ایم اے مجیب کو کیمپ کا ایڈجوٹنٹ مقرر کیا گیا تھا۔