Submitted by MSQURESHI on Mon, 03/02/2020 - 16:14
PRO Office Image اخبارات کے لیے خبریں PressRelease

اُردو یونیورسٹی میں پروفیسر ظفر احسن کا قومی یومِ سائنس لیکچر

حیدرآباد، 2 مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی، اسکول برائے سائنسی علوم کے زیر اہتمام قومی یومِ سائنس کا 28 فروری کو انعقاد عمل میں آیا۔ پروفیسر ظفر احسن، وزیٹنگ پروفیسر نے ”کیا ہم ستاروں کی دھول سے بنے ہیں؟“ کے زیر عنوان خصوصی خطبہ دیا۔ لیکچر میں انہوں نے انسانی جسم اور فلکیاتی اجسام میں پائے جانے والے عناصر کی ہیئت میں ارتباط کی نشاندہی کی۔ پروفیسر ایوب خان، پرو وائس چانسلر نے کہا کہ لڑکیاں اسکول اور کالج کی سطح پر تو نظر آتی ہیں لیکن اعلیٰ عہدوں پر وہ اقلیت کی حیثیت رکھتی ہیں، خصوصی طور پر سائنس کے میدان میں۔ انہوں نے زور دیا کہ افرادِ خاندان اور سوسائٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی ترغیب دلائیں۔ پروفیسر پروین جہاں، کنوینر پروگرام اور ڈاکٹر ایچ علیم باشا، پروگرام کو آرڈینیٹر بھی شہ نشین پر موجود تھے۔ اس موقع پر پوسٹر سازی مقابلہ اور سائنس پر زبانی مقابلہ کے کامیاب طلبہ میں انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ پروفیسرس، ریسرچ اسکالرس اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔