Submitted by MSQURESHI on Fri, 05/15/2020 - 18:03
p اخبارات کے لیے خبریں PressRelease

مانو،آئی ایم سی کی جانب سے میڈیا و فلم ماہرین کی ٹاک سیریز

 

حیدرآباد، 15 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، انسٹرکشنل میڈیا سنٹر،آئی ایم سی کوویڈ 19 لاک ڈاون کی صورتحال کے دوران سنیما ، ٹیلی ویژن ، ریڈیو ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ، تھیٹر اور ادب کی دنیا کے تجربہ کار ماہرین اور نامور ہستیوں کے ساتھ ایک ورچوئل ٹاک سیریز کا اہتمام کر رہا ہے۔ اس سیریز کو 18 مئی 2020 ،11:30 بجے دن سے فیس بک پیج imcmanuu پر راست دیکھا جاسکے گا۔
جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی کے مطابق ، میڈیا طلبہ اور باذوق افراد کے لئے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ میڈیا سے متعلق اپنی معلومات میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹاک سیریز میں ہندوستان اور بیرون ملک سے سینئر میڈیا ماہرین کو مدعو کیا جائے گا اور وہ براہ راست imcmanuu فیس بک پیج پر اپنے پیشہ ورانہ تجربات ،معلومات اورکیریئر کے متعلق بات چیت کریں گے۔ سلسلہ وار شو میں حصہ لینے والی نامور شخصیات میں میڈیا اثاثہ جات کے امریکہ کے آرکائیوسٹ ملٹ شیفٹر، قومی ایوارڈ یافتہ سنیماٹوگرافر و فلم ساز پدماشری شجی این کرون، تریونڈرم؛ پیرس کی اداکارہ مریانے بورگو؛ قومی انعام یافتہ فلم نقاد، اسکرپٹ رائٹر، سائبل چٹرجی؛ قومی ایوارڈ یافتہ اداکارہ راجیشوری سچدیو؛ بیوروکریٹ و فلم پروگرامر شنکر موہن؛ صدر فلم فسیلٹیشن آفس، وزارت اطلاعات و نشریات وکرم جیت رائے؛ گواہاٹی کے قومی و بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ فلم ہدایت کار منجو بورا؛ نئی دہلی کے فلم ساز ، ماہر مقرر و ادیب ڈاکٹر بھون لال؛ فلم و تھیئٹر نقاد و ثقافتی صحافی اجیت رائے؛ قومی ایوارڈ یافتہ فلم ساز، آرکائیوسٹ و ریسٹورر شیویندر سنگھ ڈنگارپورک؛ امریکی ادیب و ڈائرکر لین شفٹر بائشپ شامل ہیں۔
یہ ماہرین تبادلہ خیال میں کیریئر کے دوران انھیں درپیش مسائل اور چیلنجوں کے بارے میں بھی بتائیں گے اور میڈیا کیریئر کے لیے درکار صلاحیتوں اور ٹیکنیکس پر بھی بات کریں گے، تاکہ نوجوان طلبہ اور خواہشمند افراد اس سے مستفیض ہو سکیں۔
ٹاک سیریز کے متعلق مزید تفصیلات ہفتہ واری بنیادوں پر آئی ایم سی فیس بک پیج / ٹویٹر - IMCMANUU پر فراہم کی جائیں گی۔