اُردو یونیورسٹی میں یومِ انسداد دہشت گردی کا انعقاد
وائس چانسلر انچارج نے عدم تشدد اور رواداری کا عہد دلایا
حیدرآباد، 21 مئی (پریس نوٹ) :مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یومِ انسداد دہشت گردی کے موقع پر یونیورسٹی کے این ایس ایس سیل کی جانب سے آج آن لائن تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج نے اردو اور انگریزی میں یومِ انسداد دہشت گردی کا عہد دلایا۔
انہوں نے ملک میں عدم تشدد اور رواداری کی روایت پر اٹوٹ یقین رکھنے اور اپنی تمام تر طاقت سے ہر طرح کی دہشت گردی اور تشدد کی مخالفت کرنے، تمام انسانوں کے درمیان امن، سماجی ہم آہنگی اور مفاہمت کو فروغ دینے اور انسانی جانوں اور اقدار کو خطرے میں ڈالنے والی افترا پرداز قوتوں کا مقابلہ کرنے کا طلبہ، اساتذہ اور عملے کو عہد دلایا۔اس موقع پر پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج اور جناب معراج احمد، کلچرل کوآرڈینیٹر بھی موجود تھے۔
پروفیسر محمد فریاد، پروگرام کو آرڈینیٹر این ایس ایس نے ابتدا میں اپنے خیر مقدمی کلمات میں یومِ انسداد دہشت گردی کے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے یومِ وفات پر یومِ انسدادِ دہشت گردی منایا جاتا ہے۔ سنٹر فار انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے آن لائن پروگرام کے انتظامات کیے گئے تھے۔بڑی تعداد میں اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ نے اس آن لائن پروگرام میں شرکت کی۔