Submitted by MSQURESHI on Sat, 07/03/2021 - 21:12
کویڈ-19 کیخلاف چوکسی ہی محفوظ رہنے کی ضمانت PressRelease

کویڈ-19 کیخلاف چوکسی ہی محفوظ رہنے کی ضمانت

 
اردو یونیورسٹی میں طلبہ کیلئے آن لائن کونسلنگ- ماہرین نفسیات کے لیکچر
حیدرآباد، 3 جولائی (پریس نوٹ) طب اور نفسیات کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے عوام اور خاص طور پر طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کوویڈ 19 کے خطرے سے اپنی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہوشیار اور چوکس رہیں یہی محفوظ رہنے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں وبائی امراض کے خلاف اپنی کاوشوں کو کم نہیں کرنا چاہئے۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، ڈین بہبودیِ طلبہ (ڈی ایس ڈبلیو) نے کویڈ 19 وبائ کے دوران مناسب ذہنی اور جسمانی صحت اور بہتر رہنمائی کو یقینی بنانے کے لئے مشاورتی لیکچرز کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے۔ کویڈ 19 مانیٹرنگ کمیٹی کی سفارشات پر صورتحال کے بارے میں شعور بیدار کرنے اور طلبہ ، تدریسی و غیر تدریسی عملے کو موجودہ حالات میں ہورہی تکلیف کے سدباب کے لیے یکم اور 2 جولائی 2021 کو آن لائن لیکچرس کا اہتمام کیا گیا۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ ، وائس چانسلر انچارج نے اپنے افتتاحی خطاب میں کویڈ 19 کے متعلق بنیادی معلومات حاصل کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور سب کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اس کے مناسب علاج سے متعلق جانکاری رکھنے کی ضرورت پر بھی توجہ دلائی۔ پروفیسر رحمت اللہ نے وبائی مرض کی تیسری لہر کے ناخوشگوار امکان پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ریسورس پرسن ، ڈاکٹر اخلاق احمد چودھری ، ایم ڈی ، ڈی پی ایم ، سائکیاٹری ، سینئر کنسلٹنٹ آف سائکیاٹری ، بھارت ہاسپٹل ، نواں شہر ، پنجاب نے "کویڈ ویکسین - حفاظتی تدابیر اور غلط فہمیاں" پر آن لائن لیکچر دیتے ہوئے بیماری کی علامات اور اسباب کی وضاحت کی۔ ڈاکٹر چودھری نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی تحقیق  نے کووڈ ویکسین کے تعلق سے سازش کے نظریہ مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے ویکسین سے متعلق بعض غلط فہمیوں کا منطقی جواب پیش کیا اور اس تعلق سے احتیاط برتنے کی صلاح دی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے ہر ایک کو ویکسین لینے کا مشورہ دیا۔
پروفیسر سید علیم اشرف جائسی ، ڈین ، بہبودیِ طلبہ اور صدر نشین، کویڈ 19 مانیٹرنگ کمیٹی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو توہمات سے بچا کر حقیقت کو سمجھتے ہوئے ویکسین لیںا چاہیے۔ ہمیں افواہوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے ۔
دوسرے دن  مہمانِ خصوصی ، ڈاکٹر منہاج ظفر نصیرآبادی ، ماہر نفسیات ، حیدرآباد نے "دماغی صحت کے امور اور نمٹنے کی حکمت عملی" کے موضوع پر آن لائن خطاب کیا۔ ڈاکٹر منہاج نے کہا کہ انفیکشن سے محفوظ رہنے کے لئے چوکس رہیں ، یہی چوکسی آپ کی حفاظت کرسکتی ہے لیکن حد سے زیادہ احتیاطی اقدامات سے نقصان بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کویڈ متاثرین  کی جذباتی اور جسمانی تندرستی کے لئے کچھ اہم مشورہ دیئے۔ انہوں نے سماجی دوری اور دیگر احتیاطی اقدامات کے ذریعہ طلبہ اور اساتذہ کو عوام  میں رول ماڈل بننے کا مشورہ دیا۔
پروفیسر صدیقی محمد محمود ، رجسٹرار  انچارج نے افتتاحی کلمات میں وبائی امراض سے متعلق تمام احتیاطی اقدامات پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پروفیسر محمود نے وبائی امراض کے دوران پرامید اور مضبوطی کے ساتھ رہنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کویڈ کے خلاف جنگ ایک سماجی کوشش ہے ، جس میں سب کی شرکت کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر سید حماد ہاشمی ، میڈیکل آفیسر اردو یونیورسٹی نے وبائی مرض کے دوران خاص طور پر ذہنی صحت پر توجہ دینے پر زور دیا۔
دونوں لیکچرس کا اختتام، سوال و جواب  سیشن کے ساتھ ہوا۔ اسسٹنٹ ڈین ، بہبودیِ طلبہ  ڈاکٹر خواجہ محمد ضیاالدین نے پہلے دن کاروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا جبکہ دوسرے دن جناب جمیل احمد شاد نے کاروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ لیکچرس کا انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کی جانب سے آئی ایم سی یوٹیوب چیانل اور دیگر سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس پر راست ویب کاسٹ کیا گیا۔