

دینی مدارس اخلاقیات کا منبع: پروفیسر عین الحسن
اُردو یونیورسٹی میں قومی اردو کونسل کے تعاون سے تربیتی پروگرام کا افتتاح
حیدرآباد، 5 اکتوبر (پریس نوٹ) دینی مدارس اخلاقیات کا منبع ہیںاور علم و ہنر کے فروغ میں ان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن ،شیخ الجامعہ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کل یہاںقو می کونسل برائے فروغ اردو زبان ،نئی دہلی اور مر کز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اردو ذریعہ تعلیم کے مشترکہ آن لائن تربیتی پروگرام برائے اساتذہ دینی مدارس کے افتتاحی اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشینوں کے ذریعہ اخلاقیات ،تہذیب و ثقافت اور اقدار کی تعلیم نہیں دی جا سکتی ۔اس لیے آن لائن تدریس کے دوران بھی معلم کی مرکزی حیثیت سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ار دو ،فارسی او ر عربی کی عالمی سطح پر شناخت قائم ہو چکی ہے۔انہیں کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ،پروفیسر عقیل احمد، ڈائرکٹر،قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان،نئی دہلی نے کہا کہ ایک کامیاب معلم اپنے ہر طالب علم پر اپنی چھاپ چھوڑتا ہے۔ انہوں نے قومی کونسل اور اردو یونیورسٹی کے مشترکہ چھ روزہ تر بیتی پروگرام برائے اساتذہ دینی مدارس کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے با ہمی تعاون سے ارد و کے فروغ میں نما یاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پروفیسرمحمد عبدالسمیع صدیقی ،مرکز ،پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذہ اردو ذریعہ تعلیم نے آن لائن تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔مصبا ح انظر ،اسسٹنٹ پروفیسر ،سی پی ڈی یو ایم ٹی نے افتتاحی اجلاس کی کار وائی چلائی اور ہدیہ تشکر پیش کیا۔قبل ازیں، ڈاکٹر عبدالعلیم کی تلاوت قرآن سے افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔ پہلے تکنیکی اجلاس میں ڈاکٹر سید امان عبید نے ”آن لائن تدریس اور دینی مدارس “کے عنوان پر سیر حاصل گفتگو کی۔
حیدرآباد، 5 اکتوبر (پریس نوٹ) کسی بھی تعلیمی ادارے کی ترقی کے لیے ادارہ کے فارغین کا تعاون بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اردو یونیورسٹی بھی انجمن طلبائے قدیم کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، شیخ الجامعہ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج انجمن طلبائے قدیم کے وفد سے ملاقات کے دوران پر کیا۔ انجمن کے صدر جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ نے آج انجمن کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ شیخ الجامعہ پروفیسر عین الحسن سے ملاقات کی ۔ مانو المونی اسوسی ایشن کی جانب سے اس موقع پر وائس چانسلر اردو یونیورسٹی پروفیسر عین الحسن کو اردو یونیورسٹی میں یونانی کالج شروع کرنے کے لیے نمائندگی بھی کی گئی اور ان کے شیخ الجامعہ بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر ڈین المونی اسوسی ایشن پروفیسر سید نجم الحسن کے علاوہ پروفیسر حسیب الدین قادری، صدر نشین آئی کیو اے سی اور جناب محمد مصطفی علی سروری، اسوسی ایٹ پروفیسر و سرپرست انجمن طلبائے قدیم بھی موجود تھے۔ جناب اعجاز علی قریشی، صدر انجمن طلبہ نے اس ملاقات کے دوران انجمن طلبائے قدیم کی کارکردگی سے شیخ الجامعہ کو واقف کروایا اور تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انجمن طلبائے قدیم کے وفد میں جوائنٹ سکریٹری جناب ایوب خان کے علاوہ عقیل احمد ایڈوکیٹ بھی شامل تھے۔