Submitted by MSQURESHI on Sat, 02/19/2022 - 13:00
PRO Office Image اُردو یونیورسٹی میں یومِ مادری زبان کے موقع پر 21 فروری کو ویبنار PressRelease

اُردو یونیورسٹی میں یومِ مادری زبان کے موقع پر 21 فروری کو ویبنار
حیدرآباد، 18فروری (پریس نوٹ) اسکول برائے السنہ، لسانیات و ہندوستانیات، مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ؛ شعبہ ¿ لسانیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، انڈین کونسل آف سوشل سائنس ریسرچ، نئی دہلی اور جی ایل اے یونیورسٹی، متھرا کے اشتراک سے بین الاقوامی یومِ مادری زبان کے موقع پر مانو میں 21 فروری کو 2:30 بجے بین الاقوامی ویبنار کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اردو یونیورسٹی کے چانسلر جناب ممتاز علی صدارت کریں گے۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر ، مانو سرپرست ہوں گے۔ پروفیسر سید امتیاز حسنین، شعبہ لسانیات ، اے ایم یو کنوینر ہیں۔ پروفیسر ٹوو اسکٹنیب کنگاس، فن لینڈ / سویڈن؛ پروفیسر رابرٹ فلپسن، یو کے / ڈنمارک؛ پروفیسر اجیت موہنتی ، ہندوستان ویبنار سے مخاطب کریں گے۔ پروگرام آئی ایم سی یوٹیوب چیانل www.youtube.com/imcmanuu پر راست مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔
دریں اثناءچانسلر جناب ممتاز علی کی آمد کے موقع پر ایک استقبالیہ تقریب کا 11 بجے دن اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن، پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر؛ پروفیسر شیخ اشتیاق احمد، رجسٹرار کے علاوہ ڈینس اور ڈائرکٹرس شرکت کریں گے۔

زینب خان کو ہندی اپنیاسوں پر پی ایچ ڈی
حیدرآباد، 18فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ ¿ ہندی کی اسکالر زینب خان دختر جناب جبار خان کو پی ایچ ڈی کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنا مقالہ ”ہندی اپنیاسوں میں پہاڑی پردیش: سماج، سنسکرتی اور سمسیائیں“ پروفیسر کرن سنگھ اتوال ، صدر شعبہ کی نگرانی میں مکمل کیا۔ ان کا وائیوا 2 فروری کو منعقد ہوا تھا۔

اساتذہ اور اسٹاف کا تقرر اور ملازمت مرکوز کورسیز کا آغاز اولین ترجیح: پروفیسر رحمن
مانو میں نو مقرر وائس چانسلر اردو یونیورسٹی ، کرنول کے اعزاز میں تہنیتی تقریب
حیدرآباد، 18فروری (پریس نوٹ) ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی، کرنول ، آندھرا پردیش کے نومقرر شدہ شیخ الجامعہ پروفیسر پی فضل الرحمن کے اعزاز میں شعبہ ¿ اردو، مانو کی جانب سے ایک تہنیتی تقریب کا انعقادعمل میں آیا جس کی صدارت صدر شعبہ ¿ اردو پروفیسر فاروق بخشی نے کی۔ شعبے کی جانب سے پروفیسر فضل کی گل پوشی اور شال پوشی کی گئی۔ پروفیسر فضل الرحمن اردو یونیورسٹی کے یوجی سی ایچ آر ڈی کے ڈائرکٹر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ موصوف ماضی میں یونیورسٹی کے کئی کلیدی عہدوں بہ شمول ڈین اسکول براے سائنسیز اور ڈائرکٹر نظامت فاصلاتی تعلیم کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس موقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر فضل الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ کے طور پر اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے اراکین کا جلد از جلد تقرر اور ملازمت مرکوز کورسیز کا آغاز میری اولین ترجیح ہوگی۔ میری کوشش ہوگی کہ روایتی کورسیز کی بجاے ایسے کورس شروع کیے جائیں جن سے اردوداں طبقے کے افراد میں ملازمت کے حصول میں آسانی ہو۔ اس کے لیے میں ریاستی حکومت اور دیگر ارباب مجاز کے ساتھ بہتر تال میل کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کروں گا۔پروفیسر فاروق بخشی نے کہا کہ پروفیسر فضل الرحمن لائق مبارک باد ہیں کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ربع صدی تک بے مثل خدمات انجام دینے کے بعد دوسری اردو یونیورسٹی کی قیادت کرنے جارہے ہیں۔ یہاں کے تجربے ان کے بہت کام آئیں گے ۔ وہ خوش نصیب ہیں کہ انھیں اپنے آبائی وطن میں یہ گراں قدر خدمت انجام دینے کا موقع ملا ہے۔ ہماری دعا ہے کہ ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی ان کی قیادت میں خوب ترقی کرے۔ اس ضمن میں شعبہ ¿ اردو، مانو کے اساتذہ کا تعاون انھیں ہمیشہ حاصل رہے گا۔
پروفیسر مسرت جہاں، اسوسی ایٹ پروفیسر نے کہا کہ پروفیسر فضل سے ایک ساتھی اور یونیورسٹی کوارٹر میں پڑوسی کے طور پر طویل عرصے تک ساتھ رہاہے۔ وہ جتنے اچھے اکیڈمیشین ہیں اتنے ہی اچھے انسان ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے بارے میں ہم نے کبھی کوئی متنازعہ بات نہیں سنی۔ ڈاکٹر ابو شہیم خاں ، اسو سی ایٹ پروفیسر، ڈاکٹر بی بی رضا اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر جابر حمزہ گیسٹ فیکلٹی اور ڈاکٹر بدر سلطانہ گیسٹ فیکلٹی نے بھی اس موقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پروفیسر فضل کو مبارک باد پیش کی۔ نظامت ڈاکٹر فیروز عالم، اسسٹنٹ پروفیسر نے کی اور ڈاکٹر بی بی رضا، اسسٹنٹ پروفیسر کے اظہار تشکر پر اس کا اختتام عمل میں آیا۔