Submitted by MSQURESHI on Mon, 04/04/2022 - 09:06
PRO Office Image اُردو یونیورسٹی طلبہ یونین انتخابات، محمد مرسلین صدر منتخب PressRelease

اُردو یونیورسٹی طلبہ یونین انتخابات، محمد مرسلین صدر منتخب
محمد ابوحمزہ، نائب صدر؛ محمد حارث، معتمد؛ انم جہاں، شریک معتمد اور وقار احمد خازن منتخب۔ طلبہ کا زبردست جوش و خروش
حیدرآباد، یکم/ اپریل (پریس نوٹ) شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی میں ایم سی اے کے طالب علم محمد مرسلین کو آج منعقدہ انتخابات میں مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی طلبہ یونین کے 9 ویں صدر کے طور پر منتخب کیا گیا۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان اج شام چیف ریٹرننگ آفیسر پروفیسرمحمد عبدالعظیم  نے جو یونیورسٹی کے پراکٹر بھی ہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات پر امن رہے اور طلبہ میں اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کا جوش و خروش دیکھا گیا۔ 3446کے منجملہ 66 فیصد طلبہ نے اپنے حق رائے دہی کا ہیڈ کوارٹر پر استعمال کیا۔ پروفیسر محمد عبدالعظیم کی اطلاع کے بموجب محمد مرسلین کے علاوہ محمد ابوحمزہ، شعبہ مینجمنٹ وکامرس، نائب صدر؛ محمد حارث، شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی، معتمد؛ انعم جہاں، شعبہ ترسیل عامہ و صحافت، شریک معتمداور وقار احمد، شعبہ مینجمنٹ وکامرس، خازن منتخب ہوئے۔ مانو میں ملک کی دیگر جامعات کے برخلاف سیاسی وابستگی کے بغیر طلبہ یونین کے انتخابات منعقد ہوتے ہیں۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر اور پروفیسر شیخ اشتیاق احمد، رجسٹرار نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ طلبہ یونین کے نئے عہدیداریونیورسٹی میں تعلیمی فضا کو مزید بہتر بنانے اور اردو زبان، تہذیب و ثقافت کی بقاء و فروغ کی سمت میں نمایاں خدمات ادا کریں گے۔ نومنتخب طلبہ یونین کی تقریب حلف برداری 4/ اپریل کو منعقد ہوگی۔
طلبہ یونین کے مختلف عہدوں کے لیے یونیورسٹی ہیڈکوارٹر، حیدرآباد کے علاوہ دیگر کیمپس میں بھی رائے دہی ہوئی۔
پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر کو انتخابی شکایات کے ازالہ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ پروفیسر فریدہ صدیقی، ڈین، اسکول آف آرٹس اینڈ سوشل سائنس اور پروفیسر احتشام احمد خان، ڈین اسکول آف جے ایم سی انتخابی مبصرین تھے۔13ریٹرننگ آفیسرس، 62 پولنگ آفیسرس، 33 کاؤنٹنگ آفیسرس نے انتظامات میں حصہ لیا۔