Submitted by MSQURESHI on Thu, 06/23/2022 - 10:20
PRO Office Image ایم اے لیگل اسٹڈیز متعارف، مطالعاتِ نسواں اور ایم سی جے میں ایم اے دستیاب PressRelease

اُردو یونیورسٹی کے ریگولر کورسز میں میرٹ کی اساس پر داخلے

ایم اے لیگل اسٹڈیز متعارف، مطالعاتِ نسواں اور ایم سی جے میں ایم اے دستیاب

حیدرآباد، 22 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2022-23 کے لیے میرٹ کی اساس پر ریگولر کورسز میں آن لائن داخلے جاری ہیں۔ ان کورسز میں فارم داخل کرنے کی آخری 30 اگست ہے۔ پوسٹ گریجویشن میں ایم اے لیگل اسٹڈیز اور پشتو، فرانسیسی و روسی میں سرٹیفکیٹ کورسز کا آغاز کیا گیا ہے۔ ایم اے لیگل اسٹڈیز کورس سے طلبہ کے اندر قانونی مہارتیں فروغ پائیں گی۔ وہ معاہدات کا تجزیہ کرنے کے اہل ہوسکیں گے، ثالثی، مصالحت اور تنازعات حل کرنے کے دوسرے متبادل طریقوں کے بارے میں سیکھ سکیں گے۔ طلبہ مسابقتی امتحانات میں شرکت اور اپنی فنی مہارتوں میں اضافہ کے قابل بن سکیں گے۔ لیگل اسٹڈیز میں داخلے کے لیے کسی مسلمہ ادارے / یونیورسٹی سے بیچلر ڈگری یا مماثل سند کے علاوہ دسویں / بارہویں یا گریجویشن سطح پر اردو بحیثیت زبان/ مضمون یا میڈیم یا اردو میڈیم کے ساتھ مماثل کسی ایسے مدرسہ کورس کیا ہو جسے مانو نے تسلیم کیا ہو، کامیاب ہونا ضروری ہے۔

ایم اے ویمن اسٹڈیز اپنی نوعیت کا ایک منفرد کورس ہے۔ اسے کامیاب کرنے کے بعد طلبہ مختلف میدانوں کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں میں نوکری حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ نیٹ کامیاب کر نے والے طلبہ کو یونیورسٹیوں میں درس و تدریس کا موقع بھی رہے گا۔ فرانسیسی اور روسی میں مہارت کے کورسز کے لیے 10+2 یا کسی مسلمہ ادارے سے مماثل کورس کامیاب امیدوار اہل ہیں جبکہ پشتو میں مہارت کے کورس کے لیے 10ویں، بارہویں یا گریجویشن میں اردو بطور مضمون یا بحیثیت ذریعہ تعلیم پڑھی ہو یا مانو سے تسلیم شدہ مدرسہ سے اردو ذریعہ تعلیم سے مماثل مدرسہ کورس کیا ہوکے علاوہ مسلمہ ادارے سے عالم / فاضل کامیاب ہو اہل ہیں۔

میرٹ کی اساس پر داخلے کے کورسز میں پوسٹ گریجویشن پروگرامس اُردو، انگریزی، ہندی، عربی، مطالعات ترجمہ، فارسی ؛ مطالعات نسواں، نظم و نسق عامہ، سیاسیات، سوشل ورک، اسلامک اسٹڈیز، تاریخ، معاشیات، سماجیات، لیگل اسٹڈیز؛ صحافت و ترسیل عامہ؛ ایم کام اور ایم ایس سی (ریاضی) شامل ہیں۔ جزوقتی ڈپلوما پروگرامس میں اردو ، ہندی، عربی، فارسی اور اسلامک اسٹڈیز، تحسین غزل اور سرٹیفکیٹ کورسزمیں اردو، پشتو، فرانسیسی، روسی میں داخلے دستیاب ہیں۔

مختلف کیمپسوں میں دستیاب کورسز وغیرہ کی مکمل جانکاری یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in پر دستیاب نوٹفکیشن اور ای۔پراسپکٹس سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ تفصیلات یا کسی وضاحت کے لیے نظامت داخلہ کو admissionsregular@manuu.edu.in پر ای میل کریں۔داخلہ ہیلپ ڈیسک رابطہ برائے عمومی رہنمائی کے لیے موبائل نمبرات 6207728673, 9866802414, 6302738370 & 9849847434 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔