پروفیسر محمد شمیم جیراجپوری
سابق وائس چانسلر
Email Id :
Phone :
Profile of پروفیسر محمد شمیم جیراجپوری
پروفیسر محمد شمیم جیراجپوری
(اولین وائس چانسلر)
(9 جنوری 1998 ء تا 8 جنوری 2003)
محمد شمیم جیراجپوری، اتر پردیش کے ضلع آعظم گڑھ کے موضع جیراجپور 8اپریل 1942ءکو پیدا ہوئے ۔ انھیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے صرف 28 سال کی عمر میں علم حیوانات میں ڈاکٹر آف سائنس (D.Sc.) کی ڈگری عطا کی ۔ انھوں نے نیماٹولوجی (کیچوے کی قسم کے حشرات کا علم ) کے موضوع پر عمدہ تحقیق انجام دی تھی ۔ انھوں نے 1964 میں بحیثیت لیکچرر اپنے تدریسی سفر کا آغاز کیا ۔ 1972ءمیں وہ ریڈر اور 1983 ءمیں پروفیسر بنے ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ زولوجی کی صدارت پر وہ دو مرتبہ 1988-89اور 1997-98 فائز ہوئے ۔ انھیں یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لائف سائنسس کے ڈین کی حیثیت سے بھی دو مرتبہ 1993-95 اور 1997-98-میں خدمات انجام دینے کا موقع ملا ۔
پروفیسر جیراجپوری نے پودوں اور مٹی کے نیماٹوڈس کے موضوع پررہنمایانہ تحقیق انجام دی جس پر انھیں زووالوجیکل سروے آف انڈیا نے 1997 اور 1998 میں گولڈ میڈل عطا کیا ۔ وہ اس موضوع پر عالمی شہرت یافتہ ماہر تسلیم کیے جاتے ہیں ۔ انھوں نے 20 سے زائد کتابیں اور مونو گراف ، زائد از 350 تحقیقی مقالے لکھے ۔ان کے مضامین دنیا کے موقر جرائد میں شائع ہو چکے ہیں ۔ انھوں نے نیماٹولوجی کے موضوع پر کئی کتابوں میں ابواب بھی لکھے ہیں ۔ پروفیسر جیراجپوری اپنے تحقیقاتی کاموں کے سلسلے میں اندرون اور بیرون ملک کئی سفر کر چکے ہیں ۔وہ امریکہ ، برطانیہ ، جرمنی، نیدرلینڈ، بلجیم، اٹلی ، آسٹریلیا ، سوئٹزرلینڈ ، کنیڈا، جنوبی کوریا، مصر، پاکستان اور بنگلہ دیش میں بین الاقوامی سمینار اور کانفرنس میں شرکت کر چکے ہیں ۔ انھیں کئی قومی اور بین الااقوامی سمیناروں ، کانفرنسوں، سمپوزیم اور ورکشاپ کے افتتاح اور صدارت کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔پروفیسر جیراجپوری دنیا کی کئی مشہور سوسایٹیوں (FNA, FASc, FNASc, FASوغیرہ) کے فیلو ہیں ۔انھیں نیماٹولوجیکل سوسائٹی آف انڈیا کے صدر رہنے کا 1979-81 میں اعزاز حاصل ہوا۔ وہ انڈین جرنل آف نیماٹولوجی کے 1977-79 میں مدیر اعلیٰ بھی رہے ۔ زووالوجیکل سوسائٹی کے نائب صد ر (1989-91) اور ہلمن تھولوجیکل سوسائٹی آف انڈیا کے سیکریٹری (1978-81)بھی رہے ۔ وہ کئی قومی اور بین الاقوامی جرائد کے ادارتی بورڈ کے رکن بھی ہےں۔ ان کی نگرانی میں 28 طلبا نے پی ایچ ڈی اور 28 نے ایم فل کی تکمیل کی ۔
پروفیسر محمد شمیم جیراجپوری نے برطانیہ میں 1981-83 کے دوران دولت مشترکہ زرعی بیورو انٹرنیشنل میں پرنسپال نیماٹولوجسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔وہ 1989-91 میں وزارت ماحولیات و جنگلات کے تحت علم حیوانات سے مربوط تمام امور میں حکومت ہند کے مشیر کی حیثیت سے زولوجیکل سروے آف انڈیا کے ڈائرکٹر کے باوقار عہدے پر بھی فائز رہے ۔
پروفیسر جیراجپوری کو 1991ءمیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے زرعی مرکز کا رابطہ کار مقررکیا گیا ۔ وہ 1993ءمیں انسٹی ٹیوٹ آف اگریکلچر کے بانی ڈائرکٹر مقرر ہوئے۔ وہ فیکلٹی آف لائف سائنسس کے ڈین کے علاوہ بیک وقت شعبہ علم حیوانات، میوزیولوجی اور وائلڈ لائف سائنسس کے صدر بھی رہے۔ پروفیسر جیراجپوری حکومت ہند کی کئی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹیوں کے رکن رہے ہیں ۔ انھیں 9جنوری 1998 کو نوتشکیل شدہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، حیدر آباد کا بانی وائس چانسلر مقرر کیا گیا ۔ ساتھ ہی وہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے اسکول آف لائف سائنسس میں اعزازی پروفیسر بھی بنائے گئے ۔
پروفیسر جیراجپوری کو وزارت ماحولیات و جنگلات نے دسمبر 1999ءمیں نیماٹولوجی کے شعبہ میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف کے طور پر اولین جانکی امنل نیشنل ایوارڈ(Janaki Ammanl National Award ) برائے ٹکزانومی کے لیے منتخب کیا ۔ مارچ 2000ءمیں تیسری عالمی اکیڈمی آف سائنسس منعقدہ ٹرسٹی (Italy) میں انھیں فیلو منتخب کیا گیا ۔ اسی سال وہ انڈین سوسائٹی فار پیراسائٹالوجی (ISP) کے صدر منتخب ہوئے ۔ جون 2007ءمیں انڈیا انٹرنیشنل فرینڈ شپ سوسائٹی (IIFS) نئی دہلی نے انھیں "شکھشا رتن "ایوارڈ اور صداقت نامہ امتیاز کے لیے منتخب کیا ۔ پروفیسر جیراجپوری کو 12مارچ 2009ءکو نیشنل اسسمنٹ اینڈ اکریڈٹییشن کونشل National Assessment and Accreditation Council (NAAC) کی اعلیٰ اختیاری اپیل کمیٹی کا صدر نشین مقرر کیا گیا ۔الامین ایجوکیشنل سوسائٹی (بنگلور ) نے 2009ءمیں پروفیسر جیراجپوری کو باوقار "الامین آل انڈیا کمیونٹی لیڈرشپ ایوارڈ" عطا کیا ۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے پروفیسر جیراجپوری کو 3مارچ 2012ءکو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری (D. Litt) سے سرفراز کیا ۔