اردو یونیورسٹی میں خاتون دستکاروں کے لیے دھنک بازار کا انعقاد
Hyderabad,
اردو یونیورسٹی میں خاتون دستکاروں کے لیے دھنک بازار کا انعقاد
حیدرآباد، 27 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مانو انجمنِ خواتین اور صفاءکے اشتراک سے دھنک بازار کا اہتمام کیا گیا۔پروفیسر سید عین الحسن،وائس چانسلر اردو یونیورسٹی نے اس بازار کا افتتاح انجام دیا۔انہوں نے خواتین صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی اور مقامی ٹیلنٹ کو فروغ دینے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔ اس کا مقصد خواتین میں تجارت کے فروغ کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔
مسز عرشےہ حسن، صدر، مانو انجمن خواتین نے دھنک بازار کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف کرنا اور کمیونٹی کی مجموعی ترقی میں ان کی شمولیت کو فروغ دینااس کے اہم مقاصد ہیں۔ قبل ازیں پروگرام کے آغاز میں پروفیسر ونجا ایم،جنرل سیکریٹری مانو انجمن خواتین نے حاضرین کا استقبال کیا جبکہ پروفیسر وقار النساءنے دھنک بازار کی افتتاحی تقریب کی کارروائی چلائی۔
دھنک بازار میں ہاتھ سے تیار کردہ دستکاری، روایتی مصنوعات،کھانے کی اشیاءاور ثقافتی اشیاءشامل تھیں جنکے مختلف اسٹالس لگائے گئے تھے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس نمائش کا مشاہدہ کیا اور شائقین کی بڑی تعداد نے ان متنوع اشیاءکی خریداری کرتے ہوئے ان خاتون تاجروں کی حوصلہ افزائی کی۔