ڈاکٹر محمد حمیداللہ کی اسلامی علوم کے میدان میں نمایاں تحقیقی و تصنیفی خدمات

Hyderabad,


ڈاکٹر محمد حمیداللہ کی اسلامی علوم کے میدان میں نمایاں تحقیقی و تصنیفی خدمات
پروفیسر اخترالواسع کا مانو میں یادگاری خطبہ ۔ پروفیسر عین الحسن و دیگر کے خطاب
 حیدرآباد، 29 مارچ (پریس نوٹ) ”ڈاکٹر محمد حمید اللہ یگانہ روزگار تھے۔ مشرق و مغرب دونوں کے علمی فیوض سے سیراب ہوکر انہوں نے علم و دانش کی ایسی خدمت کی جو بہت کم لوگوں کے حصے میں آ ئی اور انہوں نے علم وتحقیق کے وہ سنگہائے میل نصب کیے جن تک پہنچنا محققین کی نئی نسل اپنے لیے باعث افتخار سمجھتی ہے۔“
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے زیراہتمام”ڈاکٹر محمدحمید اللہ۔ علوم اسلامیہ کا محقق “کے عنوان پر منعقدہ ڈاکٹر محمد حمید اللہ یاد گاری خطبہ دیتے ہوئے پدم شری ایوارڈ یافتہ پروفیسر اخترالواسع، پروفیسر ایمیریٹس، جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پروفیسر سید عین الحسن، شیخ الجامعہ نے صدارت کی۔
پروفیسر اختر الواسع نے ڈاکٹر محمد حمید اللہ کی حیات و خدمات کا تفصیلی اور جامع تعارف کرایا اور اسلامی علوم کے میدان میں ان کے تحقیقی و تصنیفی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی تمام اہم تصانیف پر سیر حاصل گفتگو کی۔
پروفیسرسید عین الحسن نے کہا ” ڈاکٹر محمد حمیداللہ علمی دنیا میں اپنی تحقیقی اور تصنیفی خدمات کے لئے جانے جاتے ہیں اور عرصہ دراز تک لوگ ان سے استفادہ کرتے رہیں گے۔ وہ ایک عظیم شخصیت ہونے کے ساتھ ایک بہترین انسان بھی تھے۔ ان کے نام سے منسوب یادگاری خطبہ کی شروعات کرکے شعبہ اسلامک اسٹڈیز نے ایک اہم کام انجام دیا ہے۔“
مہمانِ خصوصی پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، نائب شیخ الجامعہ نے اپنے خطاب میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کی کار کردگی کی ستائش کرتے ہوئے اس پروگرام کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ شعبہ آئندہ بھی اس طرح کی علمی سرگرمیاں انجام دیتا رہے گا۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر محمد حمید اللہ پر دکھائی گئی ڈاکومینٹری کوبھی کافی پسند کیا جو شعبہ کی جانب سے تیار کی گئی ہے۔
پروگرام میں پروفیسر محمد فہیم اختر(صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز) نے موضوع کا مختصر اور جامع تعارف کراتے ہوئے اس یاد گاری خطبہ کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی اور استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ شعبہ کے اساتذہ محترمہ ذیشان سارہ نے شعبہ کا تعارف کرایا۔ ڈاکٹر محمد عرفان احمد نے مہمان مقرر پروفیسر اختر الواسع کا جامع تعارف پیش کیا ۔ اس یادگاری خطبہ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شکیل احمد ،اسسٹنٹ پروفیسرنے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ پروگرام کا آغاز جناب صالح امین (ریسرچ اسکالر شعبہ) کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا اور شعبہ کے استاذ ڈاکٹر عاطف عمران کے شکریہ کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
--