”غلط اطلاعات سے کیسے نمٹیں“ مانو میں اردو صحافیوں کے لیے ورکشاپ
حیدرآباد، 8 مئی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، شعبہ ترسیل عامہ و صحافت کے زیر اہتمام ، شعبہ ترسیل عامہ و صحافت، عثمانیہ یونیورسٹی، حیدرآباد اور امریکی قونصل خانہ، حیدرآباد کے اشتراک سے ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ پروفیسر احتشام احمد خان، شعبہ ایم سی جے کے بموجب ”اردو صحافیوں کے لیے غلط اطلاعات سے کیسے نمٹیں“ کے زیر عنوان ورکشاپ کا 9 مئی 2023ءکو سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم، یونیورسٹی کیمپس میں 9:30 بجے صبح انعقاد عمل میں آئے گا۔
اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد صحافیوں کو فرضی خبروں سے بچنے کے ہنر سے آراستہ کرنا اور خبروں کی رپورٹنگ کے دوران غلط اطلاعات اور گمراہ کن معلومات کو میڈیا میں پھیلنے سے روکنا ہے۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ جناب ڈیوڈ موئر، پبلک افیئرس آفیسر، امریکی قونصل خانہ ، حیدرآباد مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ محترمہ بی سومتی، آئی پی ایس، ڈی آئی جی، ویمن سیفٹی، حیدرآباد مہمانِ اعزازی ہوں گی۔ پروفیسر محمد فریاد، ڈین و صدر ایم سی جے، خیر مقدمی خطاب کریں اور مہمانوں کا تعارف پیش کریں گے۔
پروفیسر اسٹیونسن کوہیر، عثمانیہ یونیورسٹی؛ جناب کرشنا شاستری پنڈیالہ، سابق فارنسک سائنسداں، سی ایف ایس ایل، حیدرآباد؛ محترمہ امم نور، جاگرن، نئی دہلی؛ جناب سدھاکر ریڈی ادمولا، ٹائمز آف انڈیا، حیدرآباد؛جناب ایم اے ماجد، صدر تلنگانہ اردو جرنلسٹس، حیدرآباد؛ ریسورس پرسن ہوں گے۔
امریکی قونصل خانہ کے تعاون سے پروفیسر اسٹیونسن کوہیر کی قیادت میں تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے کا عثمانیہ یونیورسٹی میں انعقاد عمل میں آیا تھا۔ جہاں اردو کے 38 صحافیوں اور ایم سی جے طلبہ کو تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ گذشتہ 4 مہینوں سے ان صحافیوں کو ممتاز ماہرین کے ذریعہ (HydFactCheck23) پراجیکٹ کے تحت تربیت دی جارہی ہے۔
”غلط اطلاعات سے کیسے نمٹیں“ مانو میں اردو صحافیوں کے لیے ورکشاپ
PressRelease