Submitted by MSQURESHI on Thu, 06/01/2023 - 12:23
اردو یونیورسٹی، مولانا آزاد کے تعلیمی ترقی کے خواب کی تعبیر ۔ پروفیسر عین الحسن PressRelease

اردو یونیورسٹی، مولانا آزاد کے تعلیمی ترقی کے خواب کی تعبیر ۔ پروفیسر عین الحسن
شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں پروفیسر عزیز الدین کا ڈاکٹر حمید اللہ یادگاری خطبہ کا انعقاد
حیدرآباد ، 31 مئی (پریس نوٹ)شعبہ اسلامک اسٹڈیز ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے کل ”مولانا آزاد اور ان کے مذہبی افکار “ کے زیر عنوان دوسرے ڈاکٹر محمد حمید اللہ یادگاری خطبہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروفیسر سید عین الحسن ، وائس چانسلر نے صدارت کی۔ پروفیسر سید محمد عزیز الدین حسین (اعزازی پروفیسر مرکز مطالعات اردو ثقافت، مانو) نے خطبہ پیش کیا۔ انھوں نے مولانا آزاد کے مذہبی افکار کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد کی تحریروں میں مذہبی نظریات کو نئے زاویے اور غیر جانبدار انہ انداز میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا آزاد سرسید کے تعلیمی نظریات کے بڑے حامی تھے۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر سید عین الحسن نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ مولانا آزاد نے مسلمانوں کی تعلیمی ترقی کا جوخواب دیکھا تھا موجودہ یونیورسٹی اس خواب کی تعبیر ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں مولانا آزاد جیسا تحقیقی مزاج اور شعور پیدا کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی انھوں نے تحقیق کے میدان میں نئے گوشوں اور نت نئے زاویے سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پروگرام میں شعبہ کے اساتذہ اور طلبہ کے علاوہ دیگر شعبوں کے اساتذہ، ڈائرکٹرز، پروفیسرس کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال صدر شعبہ پروفیسر محمد فہیم اختر نے کیا ۔ ڈاکٹر محمدعرفان احمد، اسسٹنٹ پروفیسر نے ڈاکٹر محمد حمید اللہ کاتعارف پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد حمید اللہ کی زندگی پر تیار کی گئی ڈاکیومنٹری کی اسکریننگ کی گئی۔ ڈاکٹر محمد سراج الدین، اسسٹنٹ پروفیسر نے اظہار تشکر کے فرائض انجام دیے جبکہ ڈاکٹر عاطف عمران استاذ شعبہ نے نظامت کی ذمہ داری نبھائی۔ پروگرام کا آغاز محمد جاسم، ایم اے سال دوم کی تلاوت قرآن سے ہوا ۔