Submitted by MSQURESHI on Tue, 06/13/2023 - 11:37
اُردو یونیورسٹی میں جشنِ بہاراں کے تحت میگا جاب میلہ کا انعقاد ||| مانو میں شجر کاری مہم کا انعقاد۔ پروفیسر عین الحسن کا خطاب ||| مانو میں آج بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر سمینار PressRelease
اُردو یونیورسٹی میں جشنِ بہاراں کے تحت میگا جاب میلہ کا انعقاد
 
 
 
حیدرآباد، 12 جون (پریس نوٹ) پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، نے آج طلبہ یونین کے سالانہ پروگرام جشنِ بہاراں 2023 کے تحت ووکیشنل، تکنیکی اور پروفیشنل شعبوں میں یونیورسٹی اور دیگر ادارہ جات کے طلبہ کے لیے منعقدہ میگا جاب میلہ کا افتتاح انجام دیا۔
یونیورسٹی کے تربیت و تعیناتی سیل (ٹی پی سی) کے زیر اہتمام گیلکسی پلیسمنٹ سروسز (جی پی ایس) اور اسوسئیشن آف مسلم پروفیشنلس (اے ایم پی) کے اشتراک سے پالی ٹیکنیک میں میگا جاب میلے کا انعقاد عمل میں آیا ۔
پروفیسر عین الحسن نے اس اشتراک کے لیے گیلکسی اور اے ایم پی کے مندوبین کا شکریہ ادا کیا اور انٹرویو لینے والی کمپنیوں کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے مختلف میدانوں میں روزگار کے حصول کے لیے درکار صلاحیتوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا اور امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
 ڈاکٹر محمد یوسف خان، انچارج تربیت و تعیناتی سیل کے بموجب میلے میں جملہ 58 اداروں کی ایچ آر ٹیموں نے شرکت کی اور طلبہ سے انٹرویو لیے۔ جاب میلہ میں شرکت کرنے والے جملہ 819 امیدواروں میں سے 242 طلبہ کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور 158 کا انتخاب عمل میں آیا۔
پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ، پروفیسر عبدالواحد، ڈین اسکول آف ٹیکنالوجی کے علاوہ ڈاکٹر حسام الدین، سی ای او، گیلکسی گروپ آف انسٹیٹیوشنس اور جناب شاہد حیدر، صدر ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ ، اے ایم پی بھی موجود تھے۔
--------------------------------------------------------------------
درختوں کی کرۂ ارض کے پھیپھڑوں کی حیثیت
مانو میں شجر کاری مہم کا انعقاد۔ پروفیسر عین الحسن کا خطاب
 
حیدرآباد، 12 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں جل شکتی ابھیان کمیٹی کے زیر اہتمام آج شجر کاری مہم کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے پودہ لگاتے ہوئے پروگرام کا آغاز کیا۔ عالمی یومِ ماحولیات تقاریب کے حصے کے طور پر شجرکاری مہم کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ درخت کرۂ ارض کے پھیپھڑوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اگر درختوں کی مسلسل کٹائی جاری رہی تو مستقبل میں انسانوں کو سانس لینے کے لیے آکسیجن سلنڈر ساتھ رکھنا پڑے گا۔ اس لیے ہمیں اپنے اور اپنی نسلوں کے لیے پودے لگانا چاہیے۔
رین واٹر ہارویسٹنگ تالاب، پروفیسرس کوارٹرس کے نزد شجرکاری مہم کا اہتمام کیا گیا ۔ عالمی یومِ ماحولیات کے تحت 5 جون سے مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں جن میں کوئز، پینٹنگ، تحریری مقابلے شامل ہیں۔ پروفیسر پی ایف رحمٰن، وائس چانسلر ، ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی، کرنول؛ پروفیسر شکیل احمد، صدر نشین جل شکتی ابھیان کمیٹی؛ پروفیسر محمد فریاد، ڈین و صدر شعبہ ترسیل عامہ و صحافت؛ پروفیسر عبدالواحد، ڈین اسکول آف ٹیکنالوجی؛ پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ؛ ڈاکٹر جمال الدین خان، ڈپٹی رجسٹرار؛ اسسٹنٹ پروفیسرس پالی ٹیکنیک جناب اقبال خان، محترمہ زینت آرائ، محترمہ ہاجرہ فاطمہ اور جناب محمد حفیظ کوآرڈینیٹرس و اراکین، عالمی یومِ ماحولیات کمیٹی موجود تھے۔
---------------------------------------------------------
مانو میں آج بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر سمینار
حیدرآباد، 12 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں بین الاقوامی یومِ یوگا پر 13 جون کو دوپہر 12 بجے سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں ایک روزہ سمینار کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) سیل کے زیر اہتمام سنٹر فار یوگک سائنس، بنگلورو کے تعاون سے ”یوگا برائے انسانیت“ کے موضوع پر یہ سمینار منعقد کیا جارہا ہے۔
پروفیسر محمد فریاد، پروگرام کو آرڈینیٹر ، این ایس ایس کے بموجب پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر دھیریندر کمار رائے، بنارس ہندو یونیورسٹی، ڈاکٹر رشمی سنگھ اور ڈاکٹر سریتا کمار ، کرنال، ہریانہ اور دیگر ماہرین، یوگا پر لیکچر دیں گے۔
MANUU Pr 12-06-2023.pdf