Submitted by MSQURESHI on Wed, 06/14/2023 - 16:36
اُردو یونیورسٹی میں G20 فلم فیسٹول کا افتتاح | اردو یونیورسٹی میں ایک روزہ سمینار۔ ڈاکٹر دھریندر کمار و دیگر کے خطاب PressRelease

فلمیں دنیا کو دیکھنے کے دریچے : گیریتھ وین اوون
اُردو یونیورسٹی میں G20 فلم فیسٹول کا افتتاح

 

 

 

حیدرآباد، 13 جون (پریس نوٹ) فلمیں دنیا کو دیکھنے کے دریچے ہوتے ہیں جو ہمیں ان ممالک کا مشاہدہ کرواتے ہیں جنہیں ہم نے نہیں دیکھا۔ فلمیں سرحدوں سے پرے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو جوڑنے کی طاقت رکھتی ہیں۔ فلم آر آر آر نے ہندوستان کو ساری دنیا میں شہرت دی۔ G20 ، تمام 20 ممالک کو ہم آہنگی سے کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تاکہ ہم مل کر چیلنجس و مسائل کو حل کرتے ہوئے ایک ساتھ آگے بڑھیں۔ G20 فلم فیسٹول کا انعقاد مانو کا بہترین اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب گیریتھ وائن اوون، برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر (حیدرآباد) نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے زیر اہتمام G20 یونیورسٹی کنیکٹ پروگرام کے تحت منعقدہ G20 فلم فیسٹول کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے صدارت کی۔ فلم فیسٹول 15 جون تک جاری رہے گا جس میں G20 ممالک کی 17 فلمیں دکھائی جائیں گی۔ فلم فیسٹول کے تحت G20 ممالک کے تہذیب و ثقافت کو ان ممالک کی فلموں کے ذریعہ پیش کیا جارہا ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اپنی ثقافت کا اظہار، G20 تقاریب کا ایک حصہ ہے اور آئی ایم سی، مانو نے G20 کی ہندوستانی صدارت کو اس خصوصی پروگرام کے ذریعہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مانو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مختلف میدانوں جیسے (حیاتیاتی تنوع (بائیو ڈائیورسٹی)، کیمپس کے فروغ کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مرکز اور ریاست سے یونیورسٹی کو دو اہم ایوارڈ حاصل ہوئے ہیں۔
پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I و صدر نشین، جی 20 کیمپس کنیکٹ پروگرام نے کہا کہ جی 20 ممالک ایک ساتھ مل کر اقتصادیات، ثقافت اور دیگر شعبوں میں کام کریں گے تو بہتر نتائج ضرور حاصل ہوں گے۔ جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر آئی ایم سی نے خیر مقدم کیا۔ جناب عمر اعظمی، پروڈیوسر نے کارروائی چلائی۔ جناب امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر نے شکریہ ادا کیا۔ بڑی تعداد میں فلمی شائقین، طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلم آر آر آر کی اسکریننگ کی گئی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یوگا صحت کے لیے مفید: پروفیسر عین الحسن
اردو یونیورسٹی میں ایک روزہ سمینار۔ ڈاکٹر دھریندر کمار و دیگر کے خطاب

 

 

حیدرآباد، 13 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) سیل کے زیر اہتمام سنٹر فار یوگک سائنس، بنگلورو کے تعاون سے بین الاقوامی یومِ یوگا کے سلسلے میں”یوگا برائے انسانیت“ کے موضوع پر آج ایک روزہ سمینار منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے پروفیسر جناب سید عین الحسن نے یوگا کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا نے مانا ہے کہ یوگا صحت کے لئے بہت مفید ہے۔ آج ہم فطرت سے دور ہوتے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ماحول کا توازن خراب ہو گیا ہے۔ ہمیں اپنی روایتوں اور فطرت کی طرف واپس لوٹنا ہوگا۔
ڈاکٹر دھیریندرا کمار راﺅ، بنارس ہندو یونیورسٹی، نے کہا کہ ہمارے ملک کی خوبصورتی ہماری روایتیں ہیں۔ لیکن آج ہم نے اپنی روایتوں کو چھوڑ دیا ہے۔ انہونے کہا کہ پہلے ہمارے یہاں ایک دوسرے کا خیال رکھا جاتا تھا اور پڑوس سے ایک دوسرے سے بوقت ضرورت چیزیں لے لیتے تھے۔ لیکن اب وہ روایت ختم ہوگئی ہیں۔ آج ہم ”نظریہ انحصار“ پڑھتے ہیں مغرب کا دیا ہوا نظریہ پڑھتے ہیں جبکہ یہ چیزیں پہلے سے ہی موجود تھیں۔ اسی طرح ہم نے یوگا کو بھی چھوڑ دیا ہے۔
ڈاکٹر رشمی سنگھ، کرنال، ہریانہ نے کہا کہ یوگا صرف ایک ورزش نہیں ہے بلکہ زندگی کے جینے کا ایک طریقہ ہے۔ انہونے کہا کہ یوگا کے ذریعہ دماغی سکون حاصل کیا جا سکتا ہے۔ بے چینی اور تناو کو دور کرنے کے لئے یوگا بہت کارگرثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر سریتا کمار، کرنال، ہریانہ نے یوگا اور موسیقی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوگا اور سنگیت ایک دوسرے سے مربوط ہیں دونوں ہی کے ذریعہ سانسوں پر کنٹرول کیا جاتا ہے۔ یوگا میں سانس لینے کا طریقہ بہت اہم ہے۔ اگر یوگا کے دوران سانس لینے کی ترتیب غلط ہو جائے تو اس کا صحت پر منفی اثرات بھی پڑ سکتے ہیں۔
پروفیسر محمد فریاد، ڈین اسوکل برائے صحافت و ترسیل عامہ و این ایس ایس کوآرڈینٹر‘ ڈاکٹر اشونی‘ اسوسیٹ پروفیسر اور ڈاکٹر فردوس تبسم شہہ نشین پر موجود تھے۔ کثیر تعداد میں طلبا‘ تدریسی و غیر تدریسی عملہ افتتاحی اجلاس میں موجودتھے۔

 

 

MANUU Pr 13-06-2023.pdf