Submitted by MSQURESHI on Mon, 06/19/2023 - 17:17
وزیر جل شکتی سے پروفیسر عین الحسن نے اعزاز حاصل کیا | اُردو یونیورسٹی میں فیشن ٹیکنالوجی و انٹیریر ڈیزائننگ کے لیے یادداشت مفاہمت PressRelease

اُردو یونیورسٹی کو باوقار قومی آبی ایوارڈ
وزیر جل شکتی سے پروفیسر عین الحسن نے اعزاز حاصل کیا

 

حیدرآباد، 19 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو باوقار قومی آبی ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ جناب گجیندر سنگھ شیخاوت، کابینی وزیر جل شکتی اور جناب بسویشور ٹوڈو، مرکزی مملکتی وزیر جل شکتی، حکومت ہند نے پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر کو یہ باوقار ایوارڈ وگیان بھون، نئی دہلی میں17 جون 2023 کو منعقدہ تقریب میں پیش کیا۔ ایوارڈ تقریب کا افتتاح جناب جگدیپ دھنکر، عزت مآب نائب صدر جمہوریہ ¿ ہند نے کیا۔ پانی کے تحفظ کے لیے کیمپس کا استعمال کرنے والے بہترین ادارے کے زمرے میں یونیورسٹی کو چوتھے قومی آبی ایوارڈس میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ پروفیسر شکیل احمد، صدر نشین، جل شکتی کمیٹی؛ پروفیسر محمد فریاد کنوینر کمیٹی بھی ایوارڈ کے حصول کے موقع پر وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔

مانو نے چوتھے قومی ایوارڈ برائے آبی انتظام کے بہترین ادارے کے زمرہ میں حصہ لیا تھا۔ اس سلسلے میں وزارت جل شکتی کی ٹیم نے 13 فروری 2023 کو یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے زمینی جانچ کی تھی۔ مانو کی جل شکتی ابھیان کمیٹی نے ایوارڈ کے حصول پر مانو کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی۔
حکومت کے نعرے ”جل سمردھ بھارت“ (آبی طور پر خوش حال ہندوستان) کو عملی شکل دینے کے لیے جاریہ ملک گیر سرگرمی کے طور پر قومی آبی ایوارڈس دیئے جارہے ہیں تاکہ اس ضمن میں کام کرنے والے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔
جل شکتی وزارت نے قومی سطح پر پانی کے انتظام اور پانی کے تحفظ کے بارے میں بیداری پھیلانے کے لیے ایک جامع مہم شروع کی ہے۔ ملک میں آبی وسائل کے نظم و نسق کے لیے ایک اجمالی نقطہ نظر اپنانے کی غرض سے، 2018 میں ایک مربوط نیشنل واٹر ایوارڈ کا آغاز کیا گیا۔
سال 2022 میں، وزارت داخلہ کے راشٹریہ پرسکار پورٹل پر 30 جولائی 2022 کو چوتھے قومی آبی ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔ جملہ 868 درخواستیں موصول ہوئیں۔ سنٹرل واٹر کمیشن اور سنٹرل گراو ¿نڈ واٹر بورڈ کے ذریعہ شارٹ لسٹ کی گئی درخواستوں کی زمینی جانچ کی گئی جس کے بعد تمام 11 زمروں کے 41 فاتحین بشمول مشترکہ فاتحین کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔

---------------------------------------------------------------------------------------------------

اُردو یونیورسٹی میں فیشن ٹیکنالوجی و انٹیریر ڈیزائننگ کے لیے یادداشت مفاہمت

 

 

حیدرآباد،19جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اسکول آف ٹیکنالوجی نے مانو کے طلبہ کو فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے ہنر پر مبنی کورسز کی فراہمی کے لیے سمانہ کالج آف ڈیزائن اسٹڈیز، حیدرآباد کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے ذریعہ طلبہ کو فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائننگ میں ایک سمسٹر پر مشتمل سرٹیفکیٹ کورس اور دو سمسٹر پر مشتمل ڈپلومہ کورس کے علاوہ 4 سالہ انڈر گریجویٹ پروگرام فراہم کیے جائیں گے۔ یہ یادداشت مفاہمت پانچ سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر مانو کی موجودگی میںپروفیسراشتیاق احمد، رجسٹرار، مانو اور محترمہ سمانہ حسینی، صدر سمانہ کالج نے آج یہاں اس یادداشت پر دستخط کیے۔ یہ یادداشت مفاہمت طلبہ میں ہنرمندی کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے قومی تعلیمی پالیسی 2020کے عین مطابق ہے۔ اس مشترکہ کوشش کا مقصد مانو کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا، مالی طور پر بااختیار بنانا اور مجموعی ترقی کے لیے فیشن ٹیکنالوجی اور انٹیریئر ڈیزائننگ کی تربیت کے ذریعے انھیں ہنرمند بنانا ہے۔ پروفیسر عبدالواحد، پروفیسر سید نجم الحسن، پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی اور سمانہ کالج کے عہدیداروں نے اس تقریب میں شرکت کی۔

MANUU Pr 19-06-2023.pdf