Submitted by MSQURESHI on Fri, 07/14/2023 - 10:26
مانو میں ریجنل ڈائرکٹرس کا ورکشاپ ۔ پروفیسر عین الحسن کا خطاب PressRelease
فاصلاتی تعلیم اور ریگولر کورس میں کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہیے
مانو میں ریجنل ڈائرکٹرس کا ورکشاپ ۔ پروفیسر عین الحسن کا خطاب
 
 
 
حیدرآباد، 13 جولائی (پریس نوٹ) فاصلاتی تعلیم کے کورسس کو ریگولر کورسس سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اردو یونیورسٹی میں دونوں طرز تعلیم ایک ہی نظام کا حصہ ہیں۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلرنے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، نظامت فاصلاتی تعلیم کے ریجنل و اسسٹنٹ ریجنل ڈائرکٹرس کے دو روزہ اورینٹیشن ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں ریجنل ڈائرکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں یونیورسٹی کا تعارف پیش کریں اور لوگوں کو مانو کی انفرادیت سے واقف کروائیں۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ نظامت فاصلاتی تعلیم کے تمام امور کو وقت پر ختم کیا جانا چاہیے۔ فاصلاتی تعلیم کا کام ٹیم ورک کا متقاضی ہے۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے بتایا کہ ریجنل ڈائرکٹرس کو درپیش مشکلات سے انتظامیہ پوری طرح واقف ہے۔ اس کو حل کرنے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کی جارہی ہے۔ یونیورسٹی جلد از جلد تمام مسائل حل کرلے گی۔
پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I ، مہمانِ اعزازی پروفیسر گھنٹہ رمیش، مشیر فاصلاتی تعلیم نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر رضاءاللہ خان، ڈائرکٹر نے خیر مقدم کیا اور ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ پروفیسر سید عین الحسن کے ہاتھوں ڈی ڈی ای مینول اور پروگرام گائیڈ کا رسم اجراءعمل میں آیا۔ پروفیسر نجم السحرنے کارروائی چلائی۔ پروفیسر شاہین الطاف شیخ نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر عمر فاروق، گیسٹ فیکلٹی کی قرأت کلام سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ ورکشاپ میں ہندوستان بھر سے تمام ریجنل ڈائرکٹرس و اسسٹنٹ ریجنل ڈائرکٹرس شرکت کر رہے ہیں۔

موسیٰ رضا کو اردو میں پی ایچ ڈی
 

 
حیدرآباد، 13 جولائی (پریس نوٹ)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، لکھنو کیمپس کے اسکالر موسیٰ رضا ولد جناب باقر رضا کو پی ایچ ڈی کا اہل قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے اپنا مقالہ ”عابد سہیل کے غیر افسانوی ادب کا تنقیدی مطالعہ“ ڈاکٹر عشرت ناہید ، اسسٹنٹ پروفیسر اردو کی نگرانی میں مکمل کیا۔ ان کا وائیوا 6 جون 2023 کو منعقد ہوا تھا۔