Submitted by MSQURESHI on Wed, 08/16/2023 - 10:31
تشدد پر مبنی انقلابوں کے برخلاف ہندوستان میں عدم تشدد سے انقلاب آیا PressRelease

تشدد پر مبنی انقلابوں کے برخلاف ہندوستان میں عدم تشدد سے انقلاب آیا
مانو میں پروفیسر سید عین الحسن کا یومِ آزادی پیام۔ این سی سی سب یونٹ نے لوڈیڈ گن سے گارڈ آف آنر پیش کیا
حیدرآباد، 15اگست (پریس نوٹ) دنیا میں کئی طرح سے انقلاب آئے۔ لڑائی سے، ظلم سے، مارکاٹ سے لیکن ہندوستان کا انقلاب جبر کے مقابلے صبر، ظلم کے مقابلے میں قربانی، تشدد کے مقابلے عدم تشدد کے ذریعہ آیا۔ مجاہدین آزادی نے ہر طرح کے ظلم کے خلاف اپنی قوت برداشت کا مظاہرہ کیا اور پوری دنیا کو پیام دیا کہ اس طرح بھی انقلاب آتا ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے آج یونیورسٹی کیمپس میں ترنگا لہرانے کے بعد یومِ آزادی پیام دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار اور پروفیسر عبدالعظیم، پراکٹر بھی پروفیسر عین الحسن کے ہمراہ موجود تھے۔
پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ گوپال کرشن گھوکھلے نے گاندھی جی سے کہا کہ ہندوستان کے بارے میں کچھ الگ سے سوچنا ہوگا پھر انہوں نے اہنسا کا راستہ اپنایا۔ مختلف طرح کے ظلم ہوئے چمپارن میں ٹیکس بڑھایا گیا، نمک پر ٹیکس لگایا گیا،جلیانوالہ باغ میں قتل عام ہوا۔ اس کے خلاف ہندوستان نے عدم تشدد پر مبنی ستیہ گرہ کیا۔ عدم تعاون تحریک کی گئی۔ لیکن تشدد سے گریز کیا گیا۔ یہ آزادی کی لڑائی کوئی معمولی لڑائی نہیں تھی۔
انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ نوجوان اس نسل کو یاد رکھیں جس نے قربانی دی۔ طلبہ عدم تشدد کا راستہ نہ چھوڑیں۔ اگر کہیں ہم وطنوں پر ظلم ہوتا ہے، زیادتی ہوتی ہے تو نوجوان آواز اٹھائیں، ستیہ گرہ کریں، احتجاج کریں لیکن عدم تشد کا دامن ہاتھ سے جانے نہ دیں۔ انہوں نے یونیورسٹی جانب سے ہندوستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔
یونیورسٹی میں آزادی کے امرت مہوتسو کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔ تلنگانہ ون آرٹی بیٹری، این سی سی سب یونٹ مانو کے کیڈٹس نے سیلف لوڈیڈ رائفلس کے ساتھ وائس چانسلر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ حولدار چندرا موہن نے تقریب میں یونٹ کی نمائندگی کی۔
اس موقع پر پراکٹر کی ٹیم نے مارچ پاسٹ اور صیانتی انتظامات کیے۔ پروفیسر محمد فریاد، ڈین ایم سی جے نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔جناب معراج احمد، کلچرل کوآرڈینیٹر ، پروفیسر کرن سنگھ اتوال، ڈاکٹر مظفر حسین خان اور ڈاکٹر شیخ وسیم پٹھان کی نگرانی میں طلباءو طالبات نے قومی ترانہ اور حب الوطنی گیت پیش کیے۔ ڈاکٹر محمد یوسف خان کی زیر قیادت انتظامی کمیٹی نے انتظامات کی نگرانی کی۔
 

MANUU Pr 15-08-2023.pdf