تعلیم روشن خیالی، فکر و اصلاح کا راستہ
مانو میں پروفیسر بی جے راﺅ کا یومِ اساتذہ لیکچر۔ پروفیسر عین الحسن کی بھی مخاطبت
حیدرآباد، 5 ستمبر (پریس نوٹ) تعلیم یقینی طور پر سبھی کے لیے ہے۔ تعلیم محض ایک ڈگری حاصل کرنا، ہنر سیکھنے اور روزگار حاصل کرنے کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ اپنے آپ کو آزاد کرتے ہوئے آس پاس موجود ہر چیز سے جڑنے کا بھی نام ہے۔ صحیح معنوں میں تعلیم تخلیق کی تفہیم، روشن خیالی، فکر اور اصلاح کا راستہ ہے۔ جب ہم یہ سب سیکھ جاتے ہیں تو تعلیم کا مقصد پورا ہوجاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر بی جے راﺅ، وائس چانسلر، یونیورسٹی آف حیدرآباد نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ”سب کے لیے تعلیم“ کے زیر عنوان یومِ اساتذہ لیکچر دیتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سروے پلی رادھا کرشنن کی یاد میں اسکول برائے تعلیم و تربیت نے نظامت فاصلاتی تعلیم کے آغا حشر کاشمیری آڈیٹوریم میں یومِ اساتذہ تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے صدارت کی۔
پروفیسر بی جے راﺅ نے مزید کہا کہ اکتساب ایک مسلسل عمل ہے جس میں سیکھنا، جو سیکھا اس پر غور کرنا اور سیکھتے رہنا شامل ہے۔ طلبہ جو بھی سیکھنا چاہتے ہیں اس کے لیے انہیں اس موضوع کا گہرا ئی سے مطالعہ کرنا ہوگا۔ اس سے وہ اپنے میدان میں ماہر بنیں گے۔
پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ معلم میر کارواں ہوتا ہے۔اور ایک اچھا طالب علم وہ ہے جس کے ذہن میں سوالات ہوں اور استاد کی بات ہمہ تن گوش ہوکر سنے۔ قصہ مختصر کہ ہمیں ایسے افراد تیار کرنے ہیں جو ہندوستان کو کامیابی کی بلندیوں پر لے جائیں اور اردو یونیورسٹی اس سمت میں کام کر رہی ہے۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I اور پروفیسر صدیقی محمدمحمود، او ایس ڈی II نے تمام اساتذہ اور طلباءو طالبات کو یوم اساتذہ کی مبارکباد پیش کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ پروفیسر ایم وناجا، ڈین اسکول برائے تعلیم و تربیت اورپروگرام کی کنوینر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ نے دیکشارمبھ (نئے طلبہ کا تعارفی پروگرام) کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ تقریب کا اختتام پروفیسر شاہین الطاف شیخ، صدر، شعبہ تعلیم و تربیت اور پروگرام کی کوآرڈینیٹرکے ہدیۂ تشکر کے ساتھ ہوا۔ ڈاکٹر وی ایس سومی، اسسٹنٹ پروفیسر نے پروگرام کی نظامت کی۔ اساتذہ، ریسرچ اسکالرس اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آئی ایم سی ٹیم نے یوٹیوب چینل آئی ایم سی مانو پر پروگرام کا راست ٹیلی کاسٹ کیا۔
MANUU Pr 05-09-2023.pdf