موزوں ہدف کا تعین اور سخت محنت کیریئر میں کامیابی کی ضمانت۔ اے کے خان
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ تعارفی پروگرام میں مشیر حکومتِ تلنگانہ، پروفیسر اشتیاق احمد و دیگر کا خطاب
حیدرآباد،9 ستمبر (پریس نوٹ) موزوں ہدف کا تعین اور اس کے حصول کے لیے سخت محنت کیریئر میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ طلبہ کے لیے یہ بے حد ضروری ہے کہ وہ اپنی اہلیت و صلاحیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے کیریئر کے لیے مناسب ہدف طے کریں اوراس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے بھرپور محنت کریں۔اگر وہ صحیح سمت میں محنت کریں گے اور اپنے وقت کا مناسب استعمال کریں گے تو کامیابی یقینی ہے۔“ ان خیالات کا اظہار جناب اے کے خان، آئی پی ایس، مشیر برائے اقلیتی امور، حکومتِ تلنگانہ نے کل سہ پہر ڈین بہبودیِ طلبہ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے نظامت فاصلاتی تعلیم کے آغا حشر کاشمیری آڈیٹوریم میں منعقدہ طلبہ تعارفی پروگرام دیکشارمبھ میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ وہ کس میدان میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ اپنی اہلیت کے مطابق ہدف کا تعین کریں۔ اس کے بعد اس کے حصول کے لیے حکمت عملی تیار کریں۔ اس ضمن میں والدین، دیگر افرادِخانہ اور اساتذہ کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی بے حد ضروری ہے۔ آج مسابقت بہت زیادہ ہے اس لیے طلبہ کو اپنی ناکامی سے گھبرانا نہیں چاہیے بلکہ عزم مصمم ، خلوص اور لگن کے ساتھ اپنی تیاری میں مصروف رہنا چاہیے۔ انھوں نے گوگل کے سی ای او سند رپچائی، تیراکی چیمپیئن مائکل فلپس، کرکٹر سچن تندلکر اور ایتھلیٹ ا ±سین بولٹ کی مثالیں بھی دیں جنھوں نے محنت اور کوشش کی اور اپنی خداد صلاحیتوں اور جسمانی بناوٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف میدانوں میں کامیابی حاصل کی۔پروفیسر انیتا سیبل‘صدر‘شعبہ لا‘ سیمبیاسس کالج آف لا نے بھی خطاب کیا۔
جلسے کی صدارت یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے کی۔ انھوں نےف کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقعے پر یونیورسٹی نے جناب اے کے خان کو مدعو کیا ہے جو اپنی محنت، ایمانداری اور اعلیٰ کارکردگی کی بہ دولت ہماری قوم اور کمیونٹی کے لیے مشعل راہ ہیں۔ بلاشبہ ہمارے طلبہ کو ایک رول ماڈل سے روبرو ہونے اور ان کی باتیں سن کر تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب ملے گی۔ ڈین بہبودیِ طلبہ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی نے تمام مدعوئین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیاکی واحد اردو یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کی کامیابی کے لیے اساتذہ کی موثر تدریس کے ساتھ ساتھ جناب اے کے خان جیسے کامیاب ایڈمنسٹریٹر کے مشوروں اور کیریئر کونسلنگ کی بھی بہت ضرورت ہے۔ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی وہ ہمارے طلبہ کو اپنے قیمتی مشوروں سے نوازتے رہیں گے۔ جلسے کی کارروائی ڈپٹی ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر اور صدر نشیں طلبہ تعارفی پروگرام کمیٹی ڈاکٹر خواجہ محمد ضیا الدین نے چلائی۔اس موقعے پر یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اس سے قبل پروفیسر سید عین الحسن‘ وائس چانسلر نے 5 ستمبر کو پروگرام کاافتتاح کیا۔
موزوں ہدف کا تعین اور سخت محنت کیریئر میں کامیابی کی ضمانت۔ اے کے خان
PressRelease