Submitted by MSQURESHI on Wed, 09/13/2023 - 10:39
دستیاب سہولتوں سے بھرپور استفادہ طلبہ کے لیے ضروری PressRelease

دستیاب سہولتوں سے بھرپور استفادہ طلبہ کے لیے ضروری
اردو یونیورسٹی میں چھ روزہ طلبہ تعارفی پروگرام کا اختتام
حیدرآباد، 12 ستمبر (پریس نوٹ) ” کلاس روم میں تحصیل علم کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی طلبہ کو ذوق و شوق کے ساتھ شرکت کرنی چاہیے۔ اس کے بغیر ان کی ہمہ جہت ترقی ممکن نہیں ہے۔ خود کو صحت مند رکھنے اور تعلیمی مشاغل میں یکسوئی لانے کے لیے بھی کھیل کود میں حصہ لینا ضروری ہے۔ہماری یونیورسٹی میں کھیل کود کی تمام ض
روری سہولیات اور مختلف کھیلوں کے کوچ موجود ہیں۔ ان سے استفادہ کرکے طلبہ کھیل کے میدان میں بھی اپنا کیریئر بنا سکتے ہیں۔“ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر خواجہ محمد ضیا ءالدین، ڈپٹی ڈین بہبودیِ طلبہ اور صدر نشیں طلبہ تعارفی پروگرام نے کل ڈین بہبودیِ طلبہ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے منصور علی خاں پٹودی انڈور اسٹیڈیم میں منعقدہ نئے طلبہ کے تعارفی پروگرام دیکشارمبھ کے اختتامی پروگرام میں کیا۔اس موقعے پر ڈپٹی ڈائرکٹر فزکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس ڈاکٹر اے کلیم اللہ نے طلبہ کو یونیورسٹی میں موجود کھیل کود کی سہولتوں اور نظم و ضبط کی اہمیت وغیرہ سے واقف کرایا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی کے طلبہ کو براہ راست زونل مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع ملتا ہے جبکہ دیگر اداروں کے طلبہ کو سخت مسابقت سے گزرنا پڑتا ہے۔ڈاکٹر فردوس تبسم اسسٹنٹ پروفیسر فزیکل ایجوکیشن، شعبہ ¿ تعلیم و تربیت نے طلبہ سے مختلف سرگرمیاں کرائیں اور پروگرام کی کارروائی چلائی۔ پروگرام میں اسپورٹس کمیٹی کے اراکین جناب حبیب احمد میوزیم کیوریٹر، جناب عامر بدر پروڈیوسر اور دیگر افراد کے علاوہ کرکٹ، فٹ بال اور بیڈ منٹن کے کوچ بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے طلباءو طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
5 ستمبرکو شروع ہونے والے اس 6 روزہ تعارفی پروگرام میں طلبہ کی رہنمائی، کیریئر کونسلنگ، یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا تعارف،داخلی شکایات کمیٹی اور قوانین، صنفی حساسیت پر لیکچر، صنف اور قانون پر خطاب، مقامی تہذیب و ثقافت سے آگاہی جیسے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے اور یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ کو زیادہ ذمہ داری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں انجام دینے کی ترغیب دی گئی۔

 

مانو میں سیا سیات کی فرہنگ کی تیاری کے لیے ورکشاپ کا آغاز

 

حیدرآباد، 12 ستمبر (پریس نوٹ) اردو زبان مین مختلف علوم کی اصطلاحات پر مبنی سہ لسانی فرہنگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مانو ہمیشہ اس طرح کے ورکشاپس کا انعقاد کرتی رہی ہے۔ پروفیسر سید عین الحسن ، وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے 5 روزہ سیا سیات کی سہ لسانی فرہنگ ( انگریزی ، ہندی اور اردو ) کی تیاری کے لیے یونیورسٹی میں جاری 5 روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں کل اظہار خیال کرتے ہوئے زبان اور سیاسیات کی فرہنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کمیشن براے سائنٹفک اینڈ ٹیکنیکل ٹرمنالوجی (سی ایس ٹی ٹی)، وزارت تعلیم، حکومت ہند کے تعاون سے ورکشاپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
پروفیسر گریش ناتھ جھا ، صدر نشین، سی ایس ٹی ٹی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ علم سیا سیات کی جو فرہنگ تیار کی جا رہی ہے وہ جلد ہی سبھی کے لیے دستیاب ہوگی۔ یہ قومی تعلیمی پالیسی کے تحت درس و تدریس میں کار آمد ثابت ہوگی۔
پروفیسر امتیاز حسنین ، مولانا آزاد چیئر نے فرہنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے طلبہ کے لیے کافی کارآمد قرار دیا۔ ورکشاپ کے مہمان اعزازی ڈاکٹر شہزاد عالم انصاری ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر ، سی ایس ٹی ٹی نے فرہنگ کی تفصیل بتائی اور ادارے کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے ورکشاپ کے متعلق تفصیلات پیش کیں۔پروفیسر افروز عالم، صدر شعبہ سیا سیات نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر خورشید عالم، اسسٹنٹ پروفیسر سیاسیات و کو ارڈینٹر ورکشاپ نے کارروائی چلائی۔

MANUU Pr 12-09-2023.pdf