اردو یونیورسٹی میں جینڈر چیمپئنس کلب کا آغاز
حیدرآباد، 26اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں صنفی مساوات کے فروغ کے سلسلے میں ایک اہم قدم کے طور پر جینڈر چیمپئنس کلب کا آغاز کیا گیا۔ یو جی سی کے رہنمایانہ خطوط کی روشنی میں اس کلب کے آغاز پر اس ہفتے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں اساتذہ، طلبہ اور اہم شخصیتوں نے حصہ لیا۔
پروفیسر شگفتہ شاہین، او ایس ڈی I نے مانو میں اس پہل کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پروفیسر گلفشاں حبیب، نظامت فاصلاتی تعلیم نے کہا کہ ”جینڈر چیمپیئنز کلب ہر ایک کے لیے ایک جامع اور مساوی ماحول کو فروغ دینے کے لیے ہمارے عزم کا اظہار کرتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں ہم ایک خوشگوار ماحول بنا کر اجتماعی طور پر صنفی بنیاد پر امتیازی سلوک کو ختم کر سکتے ہیں۔“
جینڈر چیمپئنس کلب کے قیام کا مقصد یونیورسٹی میں تمام طبقات کو بلا تفریق صنف محفوظ اور مددگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس میں اساتذہ اور طلبہ کو بامعنی مباحث ، شعور بیداری مہم اور اگر تعلیمی میدان میں صنف پر مبنی رکاوٹیں ہیں تو ان کو دور کرنا اور سماجی مساوات کو فروغ دینا ہے۔
کلب کی افتتاحی تقریب میں محترمہ صباءخاتون، نوڈل آفیسر نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسر علیم اشرف جائسی ڈین ڈی ایس ڈبلیو اور پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، جوائنٹ ڈین ڈی ایس ڈبلیو بھی شہہ نشین پر موجود تھے۔
اردو یونیورسٹی میں جینڈر چیمپئنس کلب کا آغاز
PressRelease