Submitted by MSQURESHI on Tue, 11/07/2023 - 10:30
آئندہ تعلیمی سال سے ماڈل اسکول میں بی اے ایوننگ کالج کی شروعات PressRelease

آئندہ تعلیمی سال سے ماڈل اسکول میں بی اے ایوننگ کالج کی شروعات
اردو یونیورسٹی میں یومِ آزاد تقاریب کا رنگا رنگ آغاز ۔ پروفیسر سید عین الحسن کا خطاب
حیدرآباد، 6نومبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اگلے تعلیمی سال سے مانو ماڈل اسکول میں بی اے ایوننگ کالج کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج اس کا اعلان کیا ۔ وہ مانو ماڈل اسکول فلک نما میں یومِ آزاد تقاریب 2023 کے افتتاحی اجلاس کو مخاطب کررہے تھے۔ پروفیسر عین الحسن نے مزید کہا کہ مانو ماڈل اسکول فلک نما میں ایوننگ کالج میں بتدریج بی اے کے علاوہ بی کام اور بی ایس سی کے کورسز بھی متعارف کروائیں جائیں گے۔ انہوں نے اسکولی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ زائد از نصابی تعلیم پر بھی توجہ مبذول کریں۔ ان کے مطابق اساتذہ طلبا کے حقیقی سرپرست ہوتے ہےں۔ جو بچوں کی مخفی صلاحیتوں کو نکھارنے کا اہم کام سر انجام دیتے ہےں۔ پروفیسر عین الحسن نے مانو ماڈل اسکول کے طلبہ کو اپنی لسانی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی میں بھی قابلیت پیدا کرنے کی تلقین کی۔
 قبل ازیں مانو ماڈل اسکول میں منعقدہ یومِ آزاد تقاریب 2023 کی افتتاحی تقریب میں انچارج پرنسپل ڈاکٹر کفیل احمد نے خیر مقدمی کلمات کہے۔ اس کے بعد مانو ماڈل اسکول کے طلبا نے متنوع رنگا رنگ ثقافتی اور تعلیمی مظاہروں پر مبنی پروگرام پیش کرتے ہوئے حاضرین کا دل موہ لیا۔ اس میں اردو زبان کے شعراءکے کلام، تلگو زبان کی لوری و قبائلی رقص، یوگا ایکٹ، ہندی بھاشن، طنز و مزاح سے بھر پور ڈرامہ وغیرہ جیسے ثقافتی پروگرام بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ماڈل اسکول کے طلبہ کے تیار کردہ تعلیمی ماڈلس کی نمائش کی گئی۔
رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مانو ماڈل اسکول میں یومِ آزاد تقاریب کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ایک خوشگوار تجربہ رہاجہاں پر اسکولی طلبہ کو اپنی مخفی صلاحیتیں پیش کرنے کا سنہری موقع میسر آیا۔ رجسٹرار نے اساتذہ اور سرپرستوں کے ساتھ ساتھ طلبا کو بھی مانو ماڈل اسکول میں حصول تعلیم کے لیے مبارکباد دی۔
ڈین ، اسٹوڈنٹس ویلفیئر، پروفیسر علیم اشرف جائسی جو یومِ آزاد تقاریب کے صدر نشین بھی ہےں نے اظہار خیال کرتے ہوئے افتتاحی تقریب کو کامیاب اور معنٰی خیز قرار دیا۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کو کرنے والوں میں پروفیسر محمد محمود صدیقی، پروفیسر ایم ونجا، پروفیسر مشتاق آئی پٹیل، پروفیسر محمد سمیع صدیقی، کے علاوہ بھی شامل تھے۔