Submitted by MSQURESHI on Wed, 03/20/2024 - 15:26
PRO Office Image اردو یونیورسٹی کے بیانر تلے کمیونٹی ریڈیو کا عنقریب آغاز PressRelease
اردو یونیورسٹی کے بیانر تلے کمیونٹی ریڈیو کا عنقریب آغاز
حیدرآباد، 20 مارچ (پریس نوٹ) اردو کمیونٹی کو علم کے ذریعہ بااختیار بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اپنے کمیونٹی ریڈیو کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ یہ کمیونٹی ریڈیو انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کی نگرانی میں کام کرے گا۔ کمیونٹی ریڈیو کے آغاز کا مقصد تعلیم اور معلومات کی ترسیل کے ذریعے سماجی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کمیونٹی ریڈیو کے آغاز پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”ہماری یونیورسٹی طویل عرصے سے تعلیم کے ذریعے سماج کی خدمات انجام دے رہی ہے۔ کمیونٹی ریڈیو کے آغاز سے یونیورسٹی کو مزید نئے حلقوں تک رسائی حاصل کرنے میں کامیابی ملے گی۔ ان کے مطابق یونیورسٹی کی کوشش ہے کہ یونیورسٹی اور بھی زیادہ افراد تک پہنچ سکے۔ یہ اقدام سماجی ترقی اور علم کے اشتراک کے ہمارے بنیادی مشن سے ہم آہنگ ہے۔“
انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے ڈائرکٹر رضوان احمد نے مقامی علاقہ میں مکالمہ اور تعاون کو فروغ دینے میں کمیونٹی ریڈیو کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”کمیونٹی ریڈیو کا آغاز معاشرے کی خدمت کے لیے یونیورسٹی کے غیر متزلزل عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔ یونیورسٹی تعلیم کے ذریعہ مثبت تبدیلی کی طاقت پر یقین رکھتی ہے، اور اس ریڈیو پلیٹ فارم کے ذریعے، یونیورسٹی کا مقصد اپنے اطراف و اکناف کی آبادی کو معلومات اور وسائل کے ذریعہ سے بااختیار بنانا ہے۔
مانو کا یہ کمیونٹی ریڈیو گچی باولی، حیدرآباد میں یونیورسٹی کے کیمپس کے 10تا 15 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے مکینوں کے لیے ریڈیو پروگرام پیش کرے گی۔ اس ضمن میں مقامی افراد، انجمنوں اور تنظیموں سے درخواست ہے کہ وہ اس کمیونٹی ریڈیو پر کیسے پروگرام سننا چاہتے ہیں اور کن موضوعات کا کوریج چاہتے اس کے متعلق اپنے خیالات، توقعات اور مسائل سے آئی ایم سی کو واقف کروائیں۔ اس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ریڈیو کا مواد کمیونٹی کی ضروریات اور دلچسپیوں کا عکاس ہو، اس طرح اس کمیونٹی ریڈیو کو مقامی کمیونٹی کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید بنایا جاسکے۔ کمیونٹی ممبران اور سوسائٹیز سے درخواست ہے کہ وہ مانو کمیونٹی ریڈیو کے پروگراموں کے متعلق اپنے مشورے اور تجاویز imc@manuu.edu.in ای میل پر ارسال کریں۔
ڈاکٹر محمد مصطفی علی سروری
پبلک ریلیشنز آفیسرانچارج