Submitted by MSQURESHI on Thu, 06/20/2024 - 10:30
PRO Office Image اردو یونیورسٹی میں لاءکورسز کے آغاز کو بار کونسل آف انڈیا کی منظوری PressRelease
اردو یونیورسٹی میں لاءکورسز کے آغاز کو بار کونسل آف انڈیا کی منظوری
یونیورسٹی کی تاریخ میں اہم سنگ میل: وائس چانسلر
حیدرآباد، 19 جون(پریس نوٹ) رجسٹرار، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی اطلاع کے مطابق بار کونسل آف انڈیا، نئی دہلی نے 17 جون کو جاری کردہ اپنے ایک مکتوب کے ذریعہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو اسکول آف لاءاسی تعلیمی سال سے شروع کرنے کے لیے باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے اس موقع پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی تاریخ میں یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ جیسا کہ رکن پارلیمنٹ و یویک ٹھاکر کی زیر قیادت پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت قانون کی تعلیم کو بھی ملک کی علاقائی زبانوں (Vernacular Languages) میں شروع کرنے کی وکالت اور سفارش کی تھی۔ اسی پس منظر میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے قانون کی پانچ سالہ ڈگری BA LLB (Hons)، تین سالہ ڈگری LLB اور ایک سالہ LLM کا کورس اردو میڈیم سے پڑھایا جائے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران اردو یونیورسٹی نے لاءکورسز شروع کرنے کے لیے انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام کیا ۔ جس کے معائنہ کے بعد بار کونسل آف انڈیا نے منظوری دی۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار کے مطابق اب یہ محبان اردو کا فریضہ ہے کہ وہ اس تعلق سے ملک بھر کے طلبہ میں شعور بیداری کا کام کریں تاکہ طلبہ اردو میڈیم سے بھی ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی تعلیم حاصل کرسکیں۔ رجسٹرار پروفیسرر اشتیاق احمد کے مطابق مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے بار کونسل آف انڈیا کے تمام شرائط کی تکمیل اور بعد از تنقیح و معائنوں کے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کے کورسز شروع کرنے کی اجازت حاصل کی ہے۔
پروفیسر تبریز احمد، ڈین اسکول آف لاءنے کہا کہ بار کونسل آف انڈیا کی اسٹانڈنگ کمیٹی آف لیگل ایجوکیشن کمیٹی نے اپنی 16 جون کو منعقدہ میٹنگ کے دوران مانو کے لاءاسکول کو شروع کرنے اور اسی تعلیمی سال سے نئے کورسز شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے مانو کے اسکول آف لاءمیں بی اے ایل ایل بی (آنرس)، ایل ایل بی، اور ایل ایل ایم کورس میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کو انٹرنس کے ذریعےحاصل کردہ نشانات کی بنیاد پر داخلے دیئے جائیں گے۔
--