اردو یونیورسٹی اور مہاتما گاندھی کاشی ودیاپیٹھ کے درمیان یادداشت مفاہمت
حیدرآباد، 14 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج وارانسی کی مہاتما گاندھی کاشی ودیا پیٹھ (ایم جی کے وی پی) کے ساتھ باہمی یادداشت مفاہمت پر دستخط کیے ہیں۔ اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وی سی آفس میں منعقد ہوئی جس میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن اور ایم جی کے وی پی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر آنند کمار تیاگی نے اس مفاہمت کے معاہدے پر دستخط کیے۔
یادداشت مفاہمت کے تحت دونوں تعلیمی اداروں میں ماہرین تعلیم، تحقیق، مشاورت، تربیت، معلومات کی ترسیل، اساتذہ کا فروغ و طلبہ کا آپسی تبادلہ، مشترکہ تحقیقی پروگراموں کے انعقاد جیسے امور میں تعاون کیا جائے گا۔
اس معاہدے کے تحت مختلف مشترکہ یو جی و پی جی کورسز کا آغاز، تحقیقی پراجیکٹس میں اشتراک، تحقیقی وسائل سے استفادہ ، ایک دوسرے کے پاس موجود خصوصی سہولیات و انفراسٹرکچر سے استفادہ ، مشترکہ سمینار و کانفرنسوں کا انعقاد شامل ہے۔ اس مفاہمتی معاہدے کی مدت پانچ برس ہے۔ اس موقع پر پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار کے علاوہ پروفیسر سید نجم الحسن، پروفیسر سلمیٰ احمد فاروقی، پروفیسر عبدالواحد، پروفیسر محمد فریاد اور پروفیسر سنیم فاطمہ بھی موجود تھیں۔