PressRelease
اردو یونیورسٹی میں سہ روزہ فلم فیسٹول کا آغاز
حیدرآباد، یکم جنوری (پریس نوٹ) فلم فیسٹول کا مقصد دنیا کی مختلف تہذیبوں اور خود ہمارے ملک کی مختلف ریاستوں کو قریب لانا، ان کے بارے میں جاننا اور ان کا احترام کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائرکٹر کلچر سنیمار فلم فیسٹول (C2F2) و KidsCINMA جناب پروین نگڈا، نے کیا۔ وہ آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں انسٹرکشنل میڈیا کے تعاون سے منعقدہ خصوصی فلم فیسٹول میں بحیثیت مہمانِ اعزازی خطاب کر رہے تھے۔ یہ فلم فیسٹول یکم تا 3 جنوری 2026 جاری رہے گا۔ فیسٹول کے افتتاحی اجلاس میں مانو ماڈل اسکول، فلک نما، حیدرآباد کے طلبہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
جناب پروین نگڈا نے بتایا کہ اس طرح کے فلم فیسٹول کا خیال انہیں لاک ڈاﺅن کے دوران آیا تھا۔ انہوں نے بچوں کے سنیما کو فروغ دینے اور فلم کے ذریعے ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لیے اردو یونیورسٹی کے عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے نوجوان سامعین کو معیاری بین الاقوامی سنیما فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جو تخلیقی صلاحیتوں اور عالمی بیداری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
رجسٹرار مانو پروفیسر اشتیاق احمد نے فلم فیسٹول پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلم پر مبنی تعلیم طلبہ میں تخیل، ہمدردی اور تنقیدی سوچ کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے مانو ماڈل اسکول کے طلبہ کو مانو کیلنڈر جس کا موضوع ”18 چراغ ایک روشنی“ ہے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ کیلنڈر کے سرورق پر یونیورسٹی کے ایسے 18 فارغ طلبہ کو شامل کیا گیا جنہوں نے ملک و بیرون ملک اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ نہ صرف بہترین ملازمتیں حاصل کی ہیں بلکہ خود کی بین الاقوامی کمپنیاں بھی قائم کی ہیں۔ اگر ماڈل اسکول کے طلبہ بھی محنت کرتے ہیں تو وہ اس طرح اپنا نام روشن کرسکتے ہیں۔
ڈائرکٹر انسٹرکشنل میڈیا سنٹر رضوان احمد نے میڈیا، تعلیم اور تخلیقی صلاحیتوں کو مربوط کرنے میں IMC کے وژن اور مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایک علمی اور تدریسی ذریعہ کے طور پر سنیما کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلمیں نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہے بلکہ طالبانِ علم کے عالمی نظریہ کو حساس اور وسیع کرتی ہے۔ فلمیں سیکھنے والوں کے لیے بہت سارا مواد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن فلم فیسٹیول جیسے اقدامات کلاس روم میں سیکھنے اور تخلیقی اظہار کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے کیلنڈر 2026 کا رسم اجراءعمل میں آیا۔ ڈاکٹر محمد مصطفےٰ علی سروری، پی آر او نے کیلنڈرکے موضوع کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ جناب محمد مجاہد علی، پروڈیوسر نے کارروائی چلائی۔ جناب عمر اعظمی پروڈیوسر نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کیلنڈر اور ڈائری کی ڈیزائننگ کے لیے آئی ایم سی کے اسٹاف ممبرس عمر اعظمی اور محمد غلام احمد، گرافک آرٹسٹ کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔