Submitted by MSQURESHI on Sun, 01/26/2020 - 13:53
NCC 26th sp sp اخبارات کے لیے خبریں PressRelease

تاریکیوں کے بجائے اجالوں کی جانب گامزن رہنے کا مشورہ اُردو یونیورسٹی میں پروفیسر ایوب خان کا یوم جمہوریہ پیام۔ این سی سی سب یونٹ مانو کی پہلی مرتبہ شرکت

حیدرآباد، 26 جنوری(پریس نوٹ) ہمیں محض تاریکیوں کی ہی نہیں بلکہ اجالوں کی بھی بات کرنی ہے۔ آزادی کے بعد سے گذشتہ 70 برسوں میں ملک نے کافی ترقی کی ہے۔ آج ہمارے سکونت اور تعلیم وغیرہ کے لیے مناسب انفراسٹرکچر موجود ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی حفاظت کریں اور اسے مزید آگے لے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ایوب خان، پرو وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج یونیورسٹی کیمپس میں ترنگا لہرانے کے بعد نظامت فاصلاتی تعلیم، آڈیٹوریم میں یوم جمہوریہ پیام دیتے ہوئے کیا۔ اس سال مانو کے نو تشکیل شدہ این سی سی سب یونٹ نے پہلی مرتبہ پریڈ میں حصہ لیا۔ سلامی کے دوران کیڈٹس کے پاس فوج کی جانب سے فراہم کردہ بندوقیں بھی موجود تھیں۔ پروفیسر ایوب خان نے بتایا کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز کی اچانک ناسازی ¿ صحت کے باعث وہ آج شرکت نہ کرسکے۔ انہوں ڈاکٹر اسلم پرویز کی جانب سے طلبہ و اسٹاف کو یوم جمہوریہ کی مبارک باد دی اور پہلی مرتبہ حصہ لینے والی این سی سی سب یونٹ کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹکنالوجی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے استفادہ ضرور حاصل کرنا چاہیے اس کے غلام نہ بنیں اور اچھی باتیں اپنے حافظے میں ضرور محفوظ رکھیں کیونکہ کتاب کا فائدہ اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک اس کا مطالعہ نہ کیا جائے۔ طالبہ ادیبہ نسیم، این سی سی کیڈٹ نے ابتداءمیں آئین (تمہید) پڑھاتے ہوئے تمام کو حلف دلایا۔ جناب انیس احسن اعظمی نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر کرن سنگھ اتوال، ڈاکٹر مظفر حسین خان کی نگرانی میں طلبہ نے مرکز مطالعاتِ اردو ثقافت کے تحت مانو ترانہ کے علاوہ قومی ترانے سارے جہاں سے اچھا، وجئی وشو ترنگا پیارا، سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے، عروج کامیابی پر کبھی ہندوستاں ہوگا پیش کیے۔ ان طلبہ میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ ابتداءمیں انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے تعاون سے شہیدوں کے خطوط پر مبنی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی۔ این سی سی کیڈٹس کی تیاری میں جناب محمد عبدالمجیب، این سی سی آفیسر نے تعاون کیا۔