اپنی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دینا عبادت: ڈاکٹر محمد اسلم پرویز
اردو یونیورسٹی میں محترمہ سیدہ شہناز رضوی اور محترمہ ملکہ کی وداعی تقریب
حیدرآباد4 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے دو غیر تدریسی اراکین محترمہ سیدہ شہناز رضوی( سینئر ریسرچ اسسٹنٹ) اور محترمہ ملکہ (او اے ) کی وداعی تقریب جمعہ کو سی پی ڈی یو ایم ٹی آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی۔ اس کا اہتمام مانو ایمپلائز ویلفیئر اسوسی ایشن (میوا) کے زیر اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے کہا کہ ہم سب سروس میں ہیں اور سروس کے معنی خدمت کے ہیں۔ یعنی ہمیں لوگوں کی خدمت کرنی ہے۔ ہمارے ذمہ جو کام ہو اسے بحسن و خوبی ادا کرنا عبادت ہے۔ اللہ کے ہر حکم کی تکمیل عبادت ہے اور لوگوں کی خدمت کرنا بھی اللہ کے احکامات میں شامل ہے۔ انہوں نے سبکدوش ہو رہی دونوں اراکین کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ محترمہ سیدہ شہناز رضوی نے اپنے خطاب میں میوا کے اراکین کا شکریہ ادا کیا اور اپنی تعلیم اور کیریئر کے متعلق بتایا۔ محترمہ ملکہ نے بھی سب کا شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، رجسٹرارانچارج نے دونوں کی خدمات کی ستائش کی۔ پروفیسر پی فضل الرحمن، ڈائرکٹر ایچ آر ڈی سی نے بتایا کہ محترمہ ملکہ یونیورسٹی کی پہلی خاتون ملازم ہیں اور انہوں نے انتہائی محنت و لگن سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ صدر میوا ، شیخ محی الدین نے سبکدوش ہورہیں اراکین سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ جناب شیخ احمد، یو ڈی سی نے پروفیسر ایچ خدیجہ بیگم،سابق صدر شعبہ ¿ تعلیم و تربیت اور دیگر اسٹاف اراکین اور طلبہ کے پیامات جو خصوصی طور پر محترمہ ملکہ کے لیے روانہ کیے گئے تھے پڑھ کر سنائے۔ ڈاکٹر محمد مبشر احمد، اسسٹنٹ رجسٹرار، ای آر II، جناب عبدالرشید شیخ، اسسٹنٹ رجسٹرار، جناب تمیم الدین خواجہ، جنرل سکریٹری ، میوا، جناب سید یوسف رضوی، آرگنائزنگ سکریٹری میوا نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر جناب ایم جی گناشیکھرن، فینانس آفیسر نے سبکدوش ملازمین کو گریچوٹی کے چیک حوالے کیے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد داسلم پرویز اور میوا کی جانب سے دونوں ملازمین کی گلپوشی، شال پوشی اور یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے۔ جناب محمد اعجاز کی قرا ¿ت کلام پاک و ترجمہ سے پروگرام کا آغاز ہوا۔اس موقع پر شہہ نشین پر میوا کے اراکین جناب محمد امتیاز، نائب صدر؛ جناب ایم اے نواز، جوائنٹ سکریٹری؛ جناب محمد سلیم، سکریٹری؛ جناب رزاق شریف، خازن؛ جناب محمد فخرِ عالم، رکن اور جناب محمد مجیب خان، رکن موجود تھے۔