پروفیسر صدیقی محمد محمود کو تعلیمی خدمات پر باوقار مولانا آزاد ایوارڈ
حیدرآباد، یکم مارچ (پریس نوٹ) پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج و ڈین اسکول آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو تعلیم کے شعبہ میں ان کی نمایاں خدمات پر گذشتہ ہفتے مہاراشٹرا کے شہر اورنگ آباد میں باوقار مولانا آزاد میموریل ایوارڈ عطا کیا گیا۔ مولانا آزاد چیئر، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی، اورنگ آباد؛ مولانا آزاد ریسرچ سنٹر، میونسپل کاپوریشن اورنگ آباد؛ لوک سیوا ایجوکیشن سوسائٹی کے آرٹس اینڈ سائنس کالج، اورنگ آباد؛ چشتیہ کالج آف آرٹس اینڈ سائنس ، خلد آباد، اورنگ آباد کے تعاون سے مولانا ابوالکلام آزاد کی برسی کے موقع پر منعقدہ ایک روزہ قومی سمینار میں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ سمینار کا عنوان ”ادب، ثقافت اور صحافت: ایک عصری تجزیہ“ تھا۔ سمینار میں مولانا آزاد کے ادب اور صحافتی زندگی کا جائزہ لیا گیا۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود نے اپنے لیکچر میں مولانا آزاد کی زندگی کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پروفیسر عبدالحمید خان، ڈائرکٹر آزاد چیئر، پروفیسر ارتکاز افضل خاں، سابق ڈائرکٹر بی سی یو ڈی؛ اور اسسٹنٹ میونسپل کمشنر، اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن موجود تھے۔ گراں قدر ایوارڈ کی حصولیابی پر پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج اور دیگر معززین نے پروفیسر محمود صدیقی کو مبارکباد پیش کی۔