تلنگانہ اعلیٰ تعلیم کونسل مانو کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی
اردو یونیورسٹی اساتذہ انجمن کی حلف برداری تقریب۔ پروفیسر لمبادری، پروفیسر عین الحسن و دیگر کے خطاب
حیدرآباد، 17 / اکتوبر (پریس نوٹ) تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم (ٹی ایس سی ایچ ای)، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کو ہر ممکنہ تعاون اور مدد فراہم کرے گی۔ اردو یونیورسٹی، طلبہ کو بہترین تعلیم و تربیت فراہم کر رہی ہے۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر کی نگرانی میں مانو قومی تعلیمی پالیسی کے نفاذ میں یقینی طور پر بہتر پیشرفت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار مہمانِ خصوصی پروفیسر آر لمبادری، صدر نشین، ٹی ایس سی ایچ ای نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں 14/ اکتوبر کی شام اساتذہ کی انجمن کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی کیا۔
پروفیسر سید عین الحسن نے مانوٹا اراکین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے جمہوریت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یونیورسٹی کے تمام فریق مساوی طور پر اہم ہیں۔ انہوں نے اساتذہ برادری میں احساسِ ذمہ داری کے ساتھ جوابدہی کا تصور فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ابتداء میں پروفیسر نثار احمد آئی ملا، صدر نشین انتخابات کمیٹی نے مانوٹا عہدیداروں ڈاکٹر بونتھو کوٹیا، اسسٹنٹ پروفیسر، سی ایس و آئی ٹی کو صدر؛ ڈاکٹر محمود کاظمی، اسوسیئٹ پروفیسر، ترجمہ، نائب صدر؛ جناب محمد فصیح الدین، اسسٹنٹ پروفیسر پالی ٹیکنیک، معتمد عمومی؛ جناب سید علوی کے، اسسٹنٹ پروفیسر مینجمنٹ، شریک معتمد (انتظامی)؛ ڈاکٹر کہکشاں لطیف، اسسٹنٹ پروفیسر، ترجمہ، شریک معتمد (تشہیر) اور ڈاکٹر محمد فضل الحق، اسسٹنٹ پروفیسر، پالی ٹیکنیک کو خازن کی حیثیت سے حلف دلایا۔ انہوں نے انتخابات پر رپورٹ بھی پیش کی۔ مانوٹا کے تمام عہدیداروں کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔
مہمانِ اعزازی پروفیسر گالی ونود کمار، ڈین فیکلٹی آف لاء، عثمانیہ یونیورسٹی نے تدریس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر، پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج، مہمانِ اعزازی پروفیسر سجاتا، صدر ایفلو اساتذہ انجمن، پروفیسر پی راملو، صدر یونیورسٹی آف حیدرآباد اساتذہ انجمن نے بھی خطاب کیا۔ نو منتخب صدر ڈاکٹر بونتھو کوٹیانے اپنی تقریر میں وائس چانسلر کی جانب سے یونیورسٹی میں تعلیمی اور تحقیقی کلچر کی بہتری کے لیے لئے گئے فیصلوں کا خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر وقار النساء، کو آپٹیڈ ممبر انتخابات کمیٹی نے شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر پی شرت چندر، کو آپٹیڈ ممبر نے کاروائی چلائی۔ ڈاکٹر ایس مقبول احمد اور ڈاکٹر ایچ علیم باشا اراکین انتخابات کمیٹی بھی موجود تھے۔ قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ اساتدہ کی بڑی تعداد کووڈ احتیاط کو ملحوظ رکھتے ہوئے آڈیٹوریم میں موجود تھی۔ بیشتر اساتذہ نے آن لائن شرکت کی۔