سوشیل میڈیا سیکھنے کا ذریعہ کے موضوع پر مانو میں مباحثہ
حیدرآباد، 29 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یومِ آزاد تقاریب کے حصہ کے طور پر آن لائن مباحثہ مقابلہ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ابتدائی راﺅنڈ بموضوع”سوشیل میڈیا آن لائن سیکھنے کا مثبت ذریعہ“ کا تین زبانوں اردو، ہندی اور انگریزی میں کل انعقاد عمل میں آیا۔
پروفیسر عبدالسمیع صدیقی، کوآرڈینیٹر کے بموجب مباحثہ کا حتمی راﺅنڈ دو زبانوں اردو اور ہندی میں 9 نومبر کو منعقد ہوگا جس کا عنوان ”ٹکنالوجی کا معاشرے کے ثقافتی اقدار پر نقصاندہ اثر “ ہے۔
ابتدائی راﺅنڈ میں یونیورسٹی کے حیدرآباد کیمپس کے جملہ 31 طلبہ نے حصہ لیا۔ اساتذہ ڈاکٹر محمد اکبر اور جناب غفران برکاتی نے اردو زبان کے ججس کے فرائض انجام دیئے جبکہ ڈاکٹر بی ایل مینا اور جناب فہیم انور ، ہندی اور ڈاکٹر گووندیا گوداورتھی اور ڈاکٹر پی شرت چندرا انگریزی کے ججس تھے۔
ہر زبان کے 3بہترین شرکاءکو انعامات دیئے جائیں گے اور تمام حصہ لینے والے طلبہ کو ای سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔
پروفیسر عین الحسن سے امریکی قونصل خانہ عہدیداروں کی ملاقات
حیدرآباد، 29 اکتوبر (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے ثقافتی و علمی اشتراک کے سلسلے میں امریکی قونصل خانہ، حیدرآباد اور ریجنل انگلش لینگویج آفس، نئی دہلی کے عہدیداروں نے آج پروفیسر سید عین الحسن،وائس چانسلر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن نے امریکی قونصل خانہ کی جانب سے کی گئی پہل کا خیر مقدم کیا اور اسے مدرسوں اور یونیورسٹی تعلیمی نظام کے لیے ایک پل قرار دیا۔ انہوں نے امریکی قونصل خانہ پر زور دیا کہ وہ اپنا ای لرننگ پروگرام یونیورسٹی آف کیمپسس کے لیے فراہم کرے۔
ریجنل انگلش لینگویج آفس، نئی دہلی کی محترمہ رُتھ گوڈ اور محترمہ شویتا کھنہ اور امریکی قونصل خانہ کے جناب ڈیوڈ ڈبلیو موئر، پبلک افیئر آفیسر اور جناب ٹی سینتھل کمار، اسسٹنٹ ثقافتی امور نے امریکی تعلیمی پروگراموں کے بارے میں تفصیل فراہم کی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے بھی تبادلہ خیال میں شرکت کی۔
ڈاکٹر محمد یوسف خان، پرنسپل، پالی ٹیکنیک نے ماضی میں امریکی قونصل خانہ کے تعاون سے منعقدہ سرگرمیوں کی تفصیلات فراہم کی اور ملاقات کے انتظامات کیے۔ پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، ڈائرکٹر ، سی پی ڈی یو ایم ٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔