Submitted by MSQURESHI on Thu, 01/27/2022 - 12:47
اردو یونیورسٹی میں کووڈ احتیاطی اقدامات کے ساتھ جشنِ جمہوریہ کا انعقا د PressRelease

اردو یونیورسٹی میں کووڈ احتیاطی اقدامات کے ساتھ جشنِ جمہوریہ کا انعقا د
حیدرآباد، 26جنوری (پریس نوٹ) ہندوستان کا دستور، ملک اور اس کے شہریوں کی آزادی کا ضامن اور نگہبان ہے۔ اس کی تیاری کے لیے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم جو آج کھلی فضاء میں سانس لے رہے ہیں، اس کے لیے ہم ممنون ہیں اُن شہداءکے جنہوں نے اپنی زندگیاں قربان کردیں۔ جب ہم سو رہے تھے۔ وہ جاگ کر ہماری حفاظت کر رہے تھے۔ ان کی قربانیوں سے ہماری نسلیں سبق حاصل کریں گی اور اپنے آپ کو محفوظ سمجھیں گی۔ مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے آج ترنگا لہرانے کے بعد یومِ جمہوریہ پیام دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ آزادی کے 75 سال کے یادگار کے طور پر آزادی کا امرت مہوتسو منایا جارہا ہے۔ اسی کے تحت جشنِ یومِ جمہوریہ کا اہتمام کیا گیا۔ وزارت تعلیم کی کویڈ 19 کے پیش نظر دی گئی ہدایات کو ملحوظ رکھتے ہوئے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔پروفیسر کرن سنگھ اتوال، صدر شعبہ ہندی اور ڈاکٹر مظفر حسین خان، اسوسیئٹ پروفیسر تعلیم و تربیت کی نگرانی میں طالبات قریشی شائستہ ناز، آفرین، شہناز خاتون، حجاب مظہر، عفت جہاں، فلک طوبیٰ، صادقہ اختر، شہادت آرائ، شاذیہ پروین، حسنیٰ پروین نے قومی ترانہ پڑھا اور دعائیہ گیت ”ائے مالک تیرے بندے ہم....“ ساز پر پیش کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر؛ پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج اور پروفیسر ایم اے عظیم، پراکٹر موجودتھے۔ لفٹننٹ محمد عبدالمجیب ، اسوسیئٹ این سی سی آفیسر کی نگرانی میں مانو سب یونٹ کے این سی سی کیڈٹس، سیکوریٹی گارڈس نے گارڈ آف آنرس پیش کیا۔ ون تلنگانہ آرٹلری بیٹری کے لفٹننٹ کرنل رامیا کے تعاون سے گارڈ آف آنر کے لیے رائفلس فراہم کی گئیں۔ ڈاکٹر محمد یوسف خان، صدر نشین کمیٹی نے انتظامات کی نگرانی کی۔ پروفیسر محمد فریاد، صدر نشین، آزادی کا امرت مہوتسو کمیٹی و انچارج پبلک ریلیشنز آفیسر نے کاروائی چلائی۔ انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کی ٹیم نے یوٹیوب چیانل پروگرام کا راست ٹیلی کاسٹ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر پی ایس منور حسین، فینانس آفیسر انچارج اور ڈاکٹر زائرحسین، کنٹرولر امتحانات کے علاوہ اساتذہ، طلبہ اور اسٹاف اراکین کی بڑی تعداد موجود تھی۔