جناب ممتاز علی اُردو یونیورسٹی کے نئے چانسلر مقرر
حیدرآباد، 31 جنوری (پریس نوٹ) ممتاز سماجی مصلح و ماہر تعلیم جناب ممتاز علی (قلمی نام شری ایم) کو 17 دسمبر 2021ءسے 3 سال کے لیے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا نیا چانسلر مقرر کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے اعلامیہ کے بموجب عزت مآب صدر جمہوریہ ہند جناب رام ناتھ کووند نے یونیورسٹی کے وزیٹر کی حیثیت سے شری ایم (ممتاز علی) کو یونیورسٹی کا چھٹواں چانسلر مقرر کیا ہے۔
حکومتِ ہند نے جناب ممتاز علی کو تعلیمی اور سماجی اصلاح کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے عوض 2020ءمیں باوقار پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا ہے۔ وہ ست سنگ فاﺅنڈیشن کے سربراہ ہیں جس کے تحت آندھرا پردیش میں دو اسکول، پیپل گروو اور ستسنگ ودیالئے کارکرد ہیں۔ وہ 10 کتابوں کے مصنف ہیں جس میں ان کی خود نوشت سوانح کا دوسرا حصہ ”دی جرنی کنٹینیوز (سفر جاری ہے)“ بھی شامل ہے۔