Submitted by MSQURESHI on Wed, 03/02/2022 - 17:17
اُردو یونیورسٹی میںپروفیسر شمیم احمد کا قومی یومِ سائنس لیکچر PressRelease

اُردو یونیورسٹی میںپروفیسر شمیم احمد کا قومی یومِ سائنس لیکچر

حیدرآباد، 2 مارچ (پریس نوٹ) ”نینو پارٹیکلز ایک، دو اور سہ جہتی ڈھانچے ہیں اور ان کی مختلف تشکیلات کی وجہ سے اس کی مخصوص خصوصیات ہوتی ہیں۔ انہیں کسی بھی مواد سے تیار کیا جاسکتا ہے جس میں استعمال اور پائیداری ہوسکتی ہے “۔ ان خیالات کا اظہار معروف و ممتاز سائنسداں پروفیسر شمیم احمد،سابق وائس چانسلر، ہمدردیونیورسٹی، نئی دہلی نے 28 فروری 2022 کو قومی یومِ سائنس کے سلسلے میں مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے اسکول آف سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ آن لائن لیکچرسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بحیثیت مہمان مقرر ”گرین نینو ٹکنالوجی – ایک پائیدار ترقی “ کے زیر عنوان لیکچر پیش کیا۔یومِ سائنس 2022 کا عنوان "پائیدار مستقبل کے لئے سائنس اور ٹکنالوجی میں مربوط نقطہ نظر" تھا۔پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر،مانو نے صدارت کی۔
پروفیسر شمیم احمد نے نینو ٹکنالوجی کے شعبے میں سائنس کی متعدد ایجادات، دریافتوں اور حیاتیات و طبی شعبوں میں اس کے اطلاق پر روشنی ڈالتے ہوئے نینو پارٹیکلز کی تشکیل سے بھی متعارف کرایا۔انھوںنے چاندی اور سونے پر مبنی نینو پارٹیکلز کا اینٹی بیکٹیریل ، اینٹی کینسر کے علاج میں استعمال کے علاوہ ادویاتی پودوں کو نینو پارٹیکل مرکبات میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کاربن نینو پارٹیکلز اور ان کے مختلف ایپلی کیشنز اور پرنٹنگ میں ان ذرات کے کردار کے بارے میں بھی بتایا۔ ٹارگٹڈ ڈرگ اور جین ڈیلیوری میں نینو پارٹیکلز کے افعال اور بائیو سینسنگ، بیکٹیریا امیجنگ، ریڈیو تھراپی، فوٹو تھراپی اور سیلولر امیجنگ میں اسکی اہمیت کواجاگر کیا ۔ معروف سائنسدان نے یہ بھی پیش گوئی کی کہ مستقبل میں ان ذرات کی وسیع گنجائش ہوگی اور نینو ذرات سے منسلکہ نئی تکنیکوں کے ذریعے انسانوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔
پروفیسر سید عین الحسن نے اپنے خطاب میں مواد سے بھرپور اور فکر انگیز لیکچر کے لئے پروفیسر شمیم احمد کا شکریہ ادا کیا اورقومی یومِ سائنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سائنس اورٹکنالوجی کا مربوط نقطہ نظر نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے مجموعی نقطہ نظر کو بھی پورا کرتا ہے۔
 مہمان ِاعزازی، پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد ، رجسٹرار،مانو نے پروفیسر شمیم احمد اور تمام شرکاءکا خیرمقدم کیا۔ابتداءمیں پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین اسکول آف سائنسزاور کنوینر پروگرام نے قومی یوم سائنس اور ہندوستان میں اس کی اہمیت پر گفتگو کی اور مہمان مقرر کا تعارف بھی پیش کیا ۔ڈاکٹر سید صلاح الدین، اسوسیٹ پروفیسر(علم کیمیا) نے کارروائی چلائی جبکہ ڈاکٹر قاسم اللہ، اسسٹنٹ پروفیسر(علم کیمیا) نے شکریہ ادا کیا۔ انسٹرکشنل میڈیا سنٹر، مانو کے ڈائرکٹر جناب رضوان احمد نے مانو یوٹیوب میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے اس تقریب کو مربوط کیا۔

 

اردو یونیورسٹی میں پروفیسر ارتضیٰ کریم کا قرة العین حیدر توسیعی خطبہ آج
پروفیسر اشرف رفیع مہمان خصوصی
حیدرآباد، 2 مارچ (پریس نوٹ) پروفیسر فاروق بخشی، صدر شعبہ ¿ اردو، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی اطلاع کے بموجب آج صبح11بجے یونیورسٹی کے آئی ایم سی اسٹوڈیو میں ممتاز فکشن نقاد اور سابق ڈین ،آرٹس فیکلٹی اورسابق صدر شعبہ ¿ اردو، دہلی یونیورسٹی پروفیسر ارتضیٰ کریم ”اردو ادب کی قرة العین“ کے زیر عنوان قرة العین حیدر توسیعی خطبہ پیش کریں گے۔ یہ خطبہ قومی کونسل براے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے مالی تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ممتاز نقاد اور سابق صدر شعبہ ¿ اردو پروفیسر اشرف رفیع مہمانِ خصوصی ہوں گی۔ پروگرام کی صدارت یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پرفیسر سید عین الحسن کریں گے۔پروفیسر فاروق بخشی استقبالیہ کلمات سے نوازیں گے جبکہ نظامت شعبے کی استاد پروفیسر مسرت جہاں کریں گی۔ اس پروگرام کو مندرجہ ذیل لنک کے ذریعے لائیو دیکھا جاسکتا ہے https://www.youtube.com/watch?v=x0MTwy83BEk
مانو فیس بک پیج پر https://www.facebook.com/manuuhydofficial اور
مانو کے ٹوئٹر پر https://twitter.com/officialmanuu?s=08 کے ذریعے مشاہدہ کیاجاسکتا ہے۔