اُردو یونیورسٹی میں آج اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات
حیدرآباد، 31 مارچ (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین (ایم ایس یو) کے کل یکم اپریل کو انتخابات ہوں گے۔ ہیڈ کوارٹر حیدرآباد میں 3446 طلبہ، صدر، نائب صدر، معتمد، شریک معتمد، خازن اور ایگزیکیٹو کمیٹی کے لیے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ہیڈ کوارٹر کے علاوہ دیگر کیمپس میں بھی رائے دہی ہوگی۔
پروفیسر محمد عبدالعظیم، چیف ریٹرننگ آفیسر کے بموجب اس سال صدر کے عہدہ کے لیے اظہر شاہین، محمد مرسلین اور محمد شبلی آزاد کے مابین اور نائب صدر ، معتمد، شریک معتمد کے عہدوں کے لیے بھی سہ رخی مقابلہ ہے۔ خازن کے لیے 2 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسکول آف لینگویجس، اسکول آف ایجوکیشن، اسکول آف جے ایم سی اور پالی ٹیکنیک میں بھی ایگزیکیٹو ممبرس کے لیے انتخابات ہوں گے۔ جبکہ دیگر اسکولوں میں بلا مقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔
یکم اپریل کو صبح 8 تا 12 بجے دن یونیورسٹی ہیڈ کوارٹر میں انڈور اسٹیڈیم میں رائے دہی ہو گی اور 2:30 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور کل شام تک نتائج کا اعلان متوقع ہے۔
پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودی ¿ طلبہ صدر نشین، ازالہ شکایات کمیٹی ہیں۔ پروفیسر فریدہ صدیقی اور پروفیسر احتشام احمد خان انتخابی مبصرین ہوں گے۔
جبکہ ڈاکٹر اشونی، ڈاکٹر ایس اوم پرکاش، ڈاکٹر ثمینہ کوثر، ڈاکٹر خواجہ معین الدین، ڈاکٹر ابو شہیم خان، ڈاکٹر ایس قمر الدین، ڈاکٹر خلیل احمد اور ڈاکٹر رفیع محمد، ڈاکٹر خواجہ محمد ضیاءالدین (کوآرڈینیٹر آف کیمپس)، ڈاکٹر جرار احمد، ڈاکٹر اکبر، جناب جمیل احمد، محترمہ عصمت فاطمہ ریٹرننگ آفیسرس مقرر کیے گئے ہیں۔ آف کیمپس کے پرنسپل اور انچارج پرنسپل متعلقہ کالجوں میں ریٹرننگ آفیسر کے فرائض انجام دیں گے۔ الیکشن آفیسرس میں پروفیسر سید رب سبحانی، ڈاکٹر محمد یوسف خان، ڈاکٹر زیڈ عبدالرحیم، ڈاکٹر پٹھان رحیم خان، ڈاکٹر رضوان الحق انصاری اور محترمہ بیجینا کے کے شامل ہیں۔ انتخابات کے پر امن اور سہولت بخش انداز میں انتظامات کے لیے 62 اساتذہ، پولنگ آفیسرس کے طور پر تعینات کیے جارہے ہیں۔
حلف برداری تقریب 4اپریل کو 3:00 بجے دن ہوگی۔ منتخبہ یونین تعلیمی سال 2021-22 کے دوران کارکرد رہے گی۔ مزید تفصیلات یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اُردو یونیورسٹی میں آج اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات
PressRelease