Submitted by MSQURESHI on Thu, 06/23/2022 - 16:51
اردو یونیورسٹی طلبہ یونین کے ”جشنِ بہاراں“ کا آج آغاز PressRelease

اردو یونیورسٹی طلبہ یونین کے ”جشنِ بہاراں“ کا آج آغاز

جاب فیسٹ، کھیل کود، ثقافتی مقابلے اور زائد نصابی سرگرمیاں شامل

حیدرآباد، 23 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی طلبہ یونین کے پروگرام جشنِ بہاراں 2022 کا 24 تا 28 جون اہتمام کیا جارہاہے۔ اس کے تحت مختلف ادبی، ثقافتی اور کھیل کود مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ 5 جولائی کو ایک جاب فیسٹ کا بھی انعقاد عمل میں آئے گا۔

ڈاکٹر محمد یوسف خان، کنوینر، طلبہ یونین مشاورتی کمیٹی و پرنسپل پالی ٹیکنیک کے مطابق 24 جون کو آغا حشر کاشمیری آڈیٹوریم، نظامت فاصلاتی تعلیم میں اس جشن کا بیت بازی کے ساتھ آغاز ہوگا۔ اسپورٹس اور کھیل کود کا اسپورٹس کمپلیکس اور میدان میں انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس کے کنوینر ڈاکٹر وقار النسائ، پرووسٹ گرلز ہاسٹلس اور ڈاکٹر اے کلیم اللہ، ڈپٹی ڈائرکٹر، جسمانی تعلیم و کھیل کود ہیں۔ اس میں اتھیلیٹکس، بیڈمنٹن، کیرم، شطرنج، کرکٹ، فٹ بال، کبڈی، ٹیبل ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ شامل ہیں۔ ادبی مقابلوں کے کنوینر ڈاکٹر احمد خان، ڈائرکٹر ، مرکز برائے مطالعاتِ ثقافت ہیں۔ بیت بازی، مباحثہ، تقریری مقابلہ، تحریری مقابلہ، یوتھ پارلیمنٹ ادبی مقابلوں کا حصہ ہوں گے۔ ڈاکٹر کرن سنگھ اٹوال، شعبۂ ہندی اور ڈاکٹر مظفر حسین ، اسوسیئٹ پروفیسر تعلیم و تربیت زائد نصابی سرگرمیوں کے کنوینر ہوں گے۔ اس میں ثقافتی شام (کلچرل نائٹ)، فوڈ فیسٹ ، جاب فیسٹ ڈے، پوسٹر سازی، پینٹنگ، مشاعرہ، قرأت مسابقہ شامل ہیں۔ یونیورسٹی کے تربیت و تعیناتی سیل کے زیر اہتمام جشنِ بہاراں کے ایک حصے کے طور پر جاب فیسٹ ڈے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4 جولائی ہے۔ پروفیسر عبدالسمیع صدیقی، ڈائرکٹر سی پی ڈی یو ایم ٹی مشاورتی کمیٹی کے صدر نشین ہیں۔ جاب میلہ اور مختلف مقابلوں میں حصہ لینے کے خواہشمند طلبہ یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in پر موجود بروشر سے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ محمد مرسلین، صدر یونین؛ محمد ابو حمزہ، نائب صدر؛ محمد حارث، سکریٹری نے طلبہ سے درخواست کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں رجسٹریشن کرواتے ہوئے جشنِ بہاراں میں حصہ لیں۔

 

اُردو ذریعہ تعلیم کے مسائل کے حل کے لیے تحقیق نا گزیر

اورنگ آباد میں مانو کے اساتذہ کے تر بیتی پروگرام سے ماہرین کا خطاب

حیدرآباد، 23 جون (پریس نوٹ) مر کز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذۂ اردو ذریعۂ تعلیم (سی پی ڈی یو ایم ٹی)،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام اساتذہ کے لیے ” اکیسویں صدی کی مہارتیں“ کے موضوع پر مبنی ایک روزہ تربیتی پروگرام کا کل مانو سی ٹی ای ،اورنگ آباد میں ا نعقاد عمل میں لا یا گیا۔اس پروگرام کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ڈاکٹر شیخ کلیم الدین، ڈائرکٹر ریجنل اکیڈیمک اتھاریٹی، اور نگ آباد نے کہا کہ اردو ذریعہ تعلیم کے مدارس میں مختلف نو عیت کے مسائل کا سامنا ہے۔ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے اشتراک سے تحقیقی کام ہونا چاہیے تاکہ حکومت کو ایک مستحکم پالیسی پیش کی جاسکے۔ اس اجلاس میں مہمانِ اعزازی کے طور پر جناب صوفی لئیق احمد ،ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر ،اورنگ آباد ضلع پریشد نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت انچارج پرنسپل،مانو سی ٹی ای ،اور نگ آباد سیدہ ہاجرہ نوشین نے کی۔ پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، ڈائرکٹر نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ ڈاکٹر محمد اکبر،اسسٹنٹ پروفیسر،مرکز نے کاروائی چلائی۔قبل ازیں پروگرام کا آغاز رفاقت رضا ،متعلم بی ایڈ سیکنڈ سمسٹر کی قرأت سے ہوا۔ پروگرام میں اورنگ آباد اور مراٹھواڑہ کے مختلف اردو میڈیم مدارس سے 30 سے زائد اساتذہ نے شر کت کی۔ پہلے تکنیکی اجلاس میں سیدہ ہاجرہ نوشین، نے ’لائف اسکلس‘ کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔دوسرے تکنیکی اجلاس میںپروفیسر نوید السحر ،پرنسپل، مراٹھواڑہ کالج آف ایجوکیشن ، اورنگ آباد نے ’اکتسابی مہارتوں‘ اور تیسرے تکنیکی اجلاس میں خواجہ معین الدین نے ’ڈیجیٹل خواندگی ‘کے حوالے سے گفتگو کی۔