اُردو یونیورسٹی میں سیول سروسس کوچنگ اکیڈیمی کی عنقریب بحالی
”جشن بہاراں“ کی افتتاحی تقریب میں پروفیسر عین الحسن کا اعلان۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور سے تعاون کا حصول
حیدرآباد، 24 جون (پریس نوٹ) کووڈ 19 کے باعث یونیورسٹی کی مسابقتی امتحانات کی اکیڈیمی کا کام رک گیا تھا۔ لیکن اب مرکزی وزارتِ اقلیتی امور کی جانب سے مالیہ کی فراہمی کے سلسلے میں پیشرفت ہوئی ہے اور بہت جلد اقلیتوں کے لیے مسابقتی امتحانات کی کوچنگ اکیڈیمی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں قائم ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں ایک مرکزی ٹیم بہت جلد یونیورسٹی کا دورہ کرے گی۔ کرکٹ گراﺅنڈ کے سلسلے میں بھی جناب محمد اظہر الدین، صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن سے بات ہوئی ہے۔ بہت جلد اس سلسلے میں یادداشت مفاہمت کا امکان ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے آج مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی طلبہ یونین کے پروگرام جشنِ بہاراں 2022 کے افتتاحی اجلاس کے دوران کیا۔ جشن کے تحت مختلف ادبی، ثقافتی اور کھیل کود مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا جو 28 جون تک جاری رہیں گے۔ 5 جولائی کو ایک جاب فیسٹ کا بھی انعقاد عمل میں آئے گا۔
پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ ”میں نے ہندوستان میں بھی اور ملک کے باہر بھی بہت سے کیمپس دیکھے لیکن مانو میں ایک خاص بات دیکھی۔ یہاں کے طلبہ میں جو انکساری ہے وہ کہیں اور نظر نہیں آتی۔ مانو کے طلبہ جب اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اپنے مقالے پیش کرتے ہیں وہ دیگر سے بہتر نظر آتے ہیں۔“انہوں نے مانو کیمپس کو صحت کے تئیں حساس قرار دیا اور کہا کہ کیمپس میں سگریٹ نوشی بھی نہیں کی جاتی۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پرو وائس چانسلر نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ زائد نصابی سرگرمیاں بھی ضروری ہیں۔ جشنِ بہاراں ہمیں اس کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ طلبہ جہاں اس موقع کا فائدہ اٹھائیں وہیں اس بات کو ذہن نشین رکھیں کہ کچھ بھی غلط کرنے پر دنیا میں اور دنیا کے بعد اس کا حساب ہوگا۔ انہوں نے طلبہ یونین کے صدر محمد مرسلین کی ستائش کی جنہوں نے اپنی تقریر میں جشن بہاراں کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے حالات کے پیش نظر تیار کیے گئے شیڈول کا تذکرہ کیا۔
پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ نے خیر مقدمی خطاب میں طلبہ اور ڈی ایس ڈبلیو ٹیم کی گذشتہ دنوں کی کارکردگی کا ذکر کیا۔ پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، صدر نشین، مانو طلبہ یونین مشاورتی کمیٹی و ڈائرکٹر سی پی ڈی یو ایم ٹی نے جشنِ بہارا ں کے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ محمد مرسلین، صدر طلبہ یونین نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر محمد یوسف خان، کنوینر، طلبہ یونین مشاورتی کمیٹی و پرنسپل پالی ٹیکنیک نے شکریہ ادا کیا۔ مظہر سبحانی، بی ایس سی نے کاروائی چلائی۔ فاروق اعظم، ایم ایڈ کی قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ شہہ نشین پر پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار؛ طلبہ یونین عہدیداران ابو حمزہ ، نائب صدر؛ انعم جہاں، جوائنٹ سکریٹری اور وقار احمد ، خازن بھی موجود تھے۔
جشن کے پہلے دن آج بیت بازی اور تحریری مقابلے منعقد ہوئے۔ ڈاکٹر بی بی رضا خاتون بیت بازی اور ڈاکٹر پٹھان رحیم خان، تحریری مقابلوں کے کوآرڈینیٹرس تھے۔ اسپورٹس کی سرگرمیاں بھی شروع ہوگئی ہیں۔