Submitted by MSQURESHI on Mon, 06/27/2022 - 17:17
اردو یونیورسٹی، ایچ آر ڈی سی میں دو سال بعد پہلے آف لائن پروگرام کا افتتاح PressRelease

اساتذہ ، طلبہ کے لیے مثال بنیں: پروفیسر عین الحسن

اردو یونیورسٹی، ایچ آر ڈی سی میں دو سال بعد پہلے آف لائن پروگرام کا افتتاح

حیدرآباد، 27 جون (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، یو جی سی۔ مرکز برائے فروغ انسانی وسائل کے زیر اہتمام کامرس و مینجمنٹ میں دو ہفتے طویل ریفریشر پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ تقریباً دو سال بعد یہ مرکز کا پہلا پروگرام ہے جو آف لائن منعقد کیا جارہا ہے۔

پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے آج پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے، تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک، مہاراشٹرا، اڈیشہ اور تمل ناڈو کے مختلف حصوں سے کورس میں شامل ہونے والے شرکاءکے تنوع کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ”اساتذہ اپنے طلبہ کے لیے ایک مثال قائم کریں اور ان کے لیے آئیڈیل بنیں تاکہ وہ اپنے اساتذہ سے سیکھیں۔ تحقیق کو معروف جرائد میں شائع کرنے کی کوشش کریں اور اپنے تحقیقی میدان کے ماہر بنیں“۔

قبل ازیں، پروفیسر تحسین بلگرامی، ڈائرکٹر مرکز نے خیرمقدم کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ریفریشر پروگرام میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ موضوع سے متعلق مسائل کے وسیع پہلووں کا احاطہ کیا جائے اور اس میں مینجمنٹ اور کامرس کے شعبہ میں تازہ ترین تحقیق شامل ہے۔کورس میں تحقیق اور مارکیٹنگ، نئی تعلیمی پالیسی، ڈیزائن اور تنقیدی سوچ پر لیکچرز شامل ہیں۔

 

پروفیسر بدیع الدین احمد، ڈین اسکول برائے کامرس و بزنس مینجمنٹ، پروفیسر محمد رضاءاللہ خان، صدر شعبہ مینجمنٹ و کامرس، ڈاکٹر شیخ قمر الدین، اسسٹنٹ پروفیسر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر معراج احمد مبارکی، اسسٹنٹ ڈائرکٹر مرکز نے شکریہ ادا کیا۔