Submitted by MSQURESHI on Mon, 07/25/2022 - 11:54
شبنم خاتون کو اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ کا اعزاز PressRelease

شبنم خاتون کو اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ کا اعزاز

جشن بہاراں میں عمدہ مظاہرہ پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کے ہاتھوں تہنیت

حیدرآباد، 22 جولائی (پریس نوٹ) شبنم خاتون کو آج دفتر وائس چانسلر میں منعقدہ ایک تہنیتی تقریب میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی بہترین اتھیلیٹ قرار دیا گیا۔ حالیہ عرصہ میں منعقدہ جشن بہاراں پروگرام کے اسپورٹس مقابلوں میں شبنم خاتون کی نمایاں کارکردگی پر پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے انہیں تہنیت اور کیسہ زر پیش کیا۔
شبنم خاتون بی ٹیک سالِ سوم کی طالبہ ہیں جنہوں نے 100 اور 200 میٹر دوڑ میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ویٹ لفٹنگ میں 50 کیلوگرام کے زمرے میں 90 کیلو وزن اٹھاکر انعام اول حاصل کیا تھا۔ وہ اسکول آف ٹیکنالوجی کبڈی ٹیم کی کپتان بھی تھیں جس نے انٹر اسکول مقابلوں کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پروفیسر عین الحسن نے شبنم خاتون کے مظاہروں کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ یونیورسٹی میں لڑکوں کے علاوہ لڑکیوں کے لیے خصوصی کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ڈاکٹر اے کلیم اللہ، ڈپٹی ڈائرکٹر اسپورٹس کو کھیل کود مقابلوں کے کامیاب انعقاد پر تہنیت پیش کی۔
پروفیسر عبدالعظیم، پراکٹر و صدر نشین اسپورٹس کمیٹی نے بتایا کہ مانو میں ممتاز بیڈمنٹن کوچ ضیاءالرحمن کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ جبکہ مشہور فٹ بال کوچ مظفر علی پہلے ہی یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔
پروفیسر سید علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ نے وائس چانسلر کو گلدستہ پیش کیا اور جشن بہاراں کے کامیاب انعقاد میں سرپرستی و تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، ڈاکٹر زائر حسین، کنٹرولر امتحانات، پروفیسر عبدالسمیع صدیقی، ڈاکٹر محمد یوسف خان، ڈاکٹر وقار النسائ، ڈاکٹر جمیل احمدشاد، ڈاکٹر بدیع الدین احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 
----------------------------------------------
داراشکوہ پر این سی پی یو ایل کے تعاون سے مانو میں دو کانفرنسیں
حیدرآباد، 22 جولائی (پریس نوٹ)مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے جشن سیمیں کے سلسلے میں اسکول برائے السنہ، لسانیات و ہندوستانیات اور شعبہ فارسی و سنٹرل ایشین اسٹڈیز کی جانب سے دارا شکوہ پر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے تعاون سے ایک قومی اور ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ دونوں کانفرنسوں میں یونیورسٹی کے چانسلر، جناب ممتاز علی،سرپرست اعلیٰ، جبکہ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر سرپرست ہوں گے ۔
اسکول برائے لسانیات کی کانفرنس 25 اور 26 جولائی کو ”داراشکوہ کی ادبی و تاریخی شخصیت اور عصری معنویت“ کے زیر عنوان منعقد ہوگی۔ پروفیسر عزیز بانو، ڈائرکٹر کانفرنس کے بموجب قومی کانفرنس کا افتتاحی اجلاس 11 بجے دن آئی ایم سی اسٹوڈیو میں منعقد ہوگا۔ پروفیسر شیخ عقیل احمد، ڈائرکٹر این سی پی یو ایل، ممتاز دکنی اسکالر راجکماری اندرا دیوی دھنراج گیر، ڈاکٹر نرگس جابری نصب، تہران ، ایران ، پروفیسر اشتیاق احمد ، رجسٹرار شرکت کریں گے۔
شعبہ ¿ فارسی و سنٹرل ایشین اسٹڈیز کی بین الاقوامی کانفرنس ”مجمع البحرین دارا شکوہ :مذہبی اور روحانی نظریہ ¿ صلح کل کی مشعل راہ" کے موضوع پر 26 اور 27 جولائی 2022کو منعقد ہوگی۔
پروفیسر شاہد نوخیز اعظمی، صدر شعبہ فارسی و ڈائرکٹر کانفرنس کے بموجب جناب سید مختار عباس نقوی، سابق مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور، افتتاحی اجلاس کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ جناب ممتاز علی، چانسلر کلیدی خطبہ پیش کریں گے ۔
ڈاکٹر کرشنا گوپال، ممتاز اسکالر، دارا شکوہ اسٹڈیز 27 جولائی کو اختتامی اجلاس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی کلیدی خطبہ دیں گے۔پروفیسر طارق منصور، وائس چانسلر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، پروفیسر نجمہ اختر، وائس چانسلر، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی، جناب مہدی شاہرخی، قونصل جنرل آف اسلامی جمہوریہ ایران ،حیدرآباد، حاجی سید سلمان چشتی، گدی نشین، درگاہ اجمیر شریف، پروفیسر شیخ عقیل احمد، ڈائرکٹر، این سی پی یو ایل، نئی دہلی اور شام کے ممتاز اسکالر جناب امر حسن کانفرنس کے مدعو مقررین ہوں گے۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار، مانو، بین الاقوامی کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر نشین ہیں جبکہ پروفیسر عزیز بانو، ڈین اسکول برائے السنہ، لسانیات و ہندوستانیات،پروفیسر علی محمد نقوی،اے ایم یو،پروفیسر آذرمی دخت صفوی،اے ایم یو،ڈاکٹر سیدہ عصمت جہاں،مانو،ڈاکٹر قیصر احمد، مانو،ڈاکٹر اشفاق چاند، صدر، شعبہ فارسی‘ عثمانیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر محشر کمال، ایفلو،ڈاکٹر محمد رضوان،مانو اور ڈاکٹر جنید احمد،مانو کمیٹی کے اراکین ہیں۔