Submitted by MSQURESHI on Mon, 08/01/2022 - 09:46
عوام میں کووڈ 19 کے تئیں شعور بیدار کے لیے مانو۔یونیسیف کا مشترکہ پروگرام PressRelease
عوام میں کووڈ 19 کے تئیں شعور بیدار کے لیے مانو۔یونیسیف کا مشترکہ پروگرام
حیدرآباد، 31؍ جولائی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور یونیسیف کے زیر اہتمام یونیورسٹی میں کووڈ 19 سے تحفظ کے لیے خطرہ سے آگاہی (رسک کمیونکیشن) پر ایک اورینٹیشن پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت کے زیر اہتمام جمعہ اور ہفتہ کو اس پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ شعور بیداری پروگرام کے تحت 15 شہروں سے کمیونٹی لیڈرز (مذہبی رہنمائوں) اور آندھرا پردیش، تلنگانہ اور کرناٹک کے ضلعی کوآرڈینیٹرس نے لوگوں میں شعور بیداری کے لیے حکمت عملی اور منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا۔ ضلعی رابطہ کاروں اور مذہبی رہنمائوں نے اپنے اپنے اضلاع میں لوگوں کے درمیان اپنے کام کے تجربات بھی بیان کیے۔ یہ مانو۔ یونیسیف کا دوسرا مشترکہ پروگرام ہے۔
پروفیسر محمد فریاد، صدر شعبۂ ترسیل عامہ و صحافت و پروجیکٹ ڈائرکٹر، یونیسیف مانو پارٹنرشپ پروجیکٹ نے افتتاحی اجلاس میں پروگرام کا تعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کا مقصد COVID-19 کے پھیلاؤ سے نمٹنے اور بڑے پیمانے پر صحت سے متعلق آگاہی ،مقامی افراد کو احتیاطی تدابیر اور تکنیکوں کے بارے میں حساس بنانے، وباء کے متعلق ضروری معلومات فراہم کرنے کے لیے مذہبی اور سماجی رہنماؤں سے تعاون حاصل کرنا ہے تاکہ وبا کی بڑے پیمانے پر منتقلی کو روکا جاسکے۔ انہوں نے اس منصوبے کو نتیجہ خیز انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یونیسیف کے عہدیدار  جناب بی وی سبا ریڈی نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں اور ضلعی رابطہ کاروں کو  عوام  خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کا بہت خیال رکھنے کی ہدایت دی۔
جناب شاہد پرویز، ڈاکومینٹیشن آفیسر، مانو یونیسیف شراکتی پراجکٹ نے خطرہ سے آگاہی  اور اس عمل میں کووڈ 19  پھیلاؤ سے حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اور نوجوانوں، رہنماؤں، اسکول کے اساتذہ اور محلے کے لوگوں کی شمولیت کی ضرورت پر زور دیا۔ پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نادر بیگ نے کہا کہ کمزور آبادی بشمول بچوں کی مناسب دیکھ بھال پر توجہ دی جانی چاہیے۔
مفتی سید سراج الدین، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر، مانو ۔ یونیسیف، بیدر، کرناٹک نے معاشرے میں خطرہ سے آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے ضلعی کوآرڈینیٹر مولانا خواجہ حافظ فیض الدین نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام  اپنے ارد گرد کے ماحول کی دیکھ بھال کے بارے میں رہنمائی کرتا ہے۔
پروگرام میں مذہنی رہنماؤں کے علاوہ ضلعی رابطہ کاروں بشمول جناب ابوبکر صدیق، بیجاپور؛ گلبرگہ سے طلحہ حسین، بیلگام سے رمضان مکاندار، جناب عمران علی ، نظام آباد؛ محمد رفیق ملا، بنگلور اور دیگر نے شرکت کی۔ پروگرام میں  شعبہ ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم،مانو کے ریسرچ اسکالرس، طلبہ اور اساتذہ بھی موجود تھے۔